مصباح الحق آبائی شہر میانوالی میں کرکٹ اکیڈمی بنائیں گے

باصلاحیت کھلاڑیوں کی کھیپ تیار کرنے کے لئے میانوالی میں اکیڈمی بنانا چاہتا ہوں، کپتان قومی ٹیم


Sports Reporter December 30, 2014
میانوالی میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے لئے مصباح الحق سرکاری حکام سے لماقاتیں کرنے لگ گئے۔ فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق آبائی شہر میانوالی میں نوجوانوں کی ٹریننگ کے لئے اکیڈمی بنائیں گے۔

اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے انھوں نے گذشتہ روز اسپیکر صوبائی اسمبلی پنجاب رانا اقبال سے ملاقات کی، اس موقع پر آف اسپنر سعید اجمل بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران مصباح الحق نے کہا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی کھیپ تیار کرنے کے لئے وہ میانوالی میں اکیڈمی بنانا چاہتے ہیں، اس موقع پر اسپیکر نے انھیں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

ملاقات کے دوران سعید اجمل نے فیصل آباد میں بننے والی اپنی کرکٹ اکیڈمی میں درپیش مسائل سے اسپیکر کو آگاہ کیا۔انھوں نے شکوہ کیا کہ زرعی یونیورسٹی میں قائم اکیڈمی سے انتطامیہ تعاون نہیں کر رہی جس کی وجہ سے انھیں بہت سے مسائل کا سامنا ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر کو فون کر کے قومی کرکٹر سے بھرپور تعاون کی ہدایت کردی۔