پینٹگولر کپ میں خیبر پختونخوا فائٹرز نے حریفوں کی ناک میں دم کر دیا

فیڈرل یونائیٹڈ کو73 رنز سے قابو کر کے مسلسل دوسری فتح کو گلے لگایا، رضوان کی سنچری ، شعیب اور اسرارنے ففٹیزبنائیں


Sports Reporter January 02, 2015
پینٹنگولر کپ :سنچری بنانے والے خیبرپختونخوا فائٹرز کے رضوان کا دلکش کٹ شاٹ، عقب میں فیڈرل یونائیٹڈ کے وکٹ کیپر کامران اکمل موجود (فوٹو :محمدعظیم )

پینٹنگولر کپ میں خیبر پختونخوا فائٹرز نے حریفوں کی ناک میں دم کر دیا، ٹیم نے فیڈرل یونائیٹڈ کو73 رنز سے قابو کر کے مسلسل دوسری فتح کو گلے لگایا، محمد رضوان نے ایونٹ کی پہلی سنچری داغ دی، شعیب ملک اور اسرار اللہ نے مسلسل دوسری ففٹیز بنائیں۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹاس جیتنے کے بعد خیبر پختونخوا فائٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ پر323 رنز بنا دیے، آغاز اچھا نہ تھا، 13کے مجموعی اسکور پر مختار احمد(10) عمر گل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، بعدازاں اسراراللہ نے محمد رضوان کے ساتھ دوسری وکٹ کیلیے140رنزجوڑکر ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنائی، اسرار89 گیندوں پر8 چوکوں کی مدد سے 72 رنز بناکرآؤٹ ہوئے، بابر اعظم کی گیند پر کامران اکمل نے کیچ لیا،رضوان اور شعیب ملک نے تیسری وکٹ کیلیے124 رنز کی شاندار پارنٹرشپ سے ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی، رضوان خان 10چوکوں کی مدد سے 120 گیندوں پر114 رنز بنانے میں کامیاب رہے، انھیں سہیل تنویر نے بولڈ کیا،پہلے میچ میں سندھ نائٹس کے خلاف70 رنز جڑنے والے شعیب ملک نے47 گیندوں پر68رنز اسکور کیے۔

انھوں نے10 مرتبہ گیند کو باؤنڈری کے پار پہنچایا، محمد سمیع نے21 رنز کا اضافہ کیا، عدنان رئیس اتنے ہی رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، سہیل تنویر نے72 اور عمر گل نے64 رنز دیکر2،2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، جواب میں فیڈرل یونائیٹڈ کی ٹیم47 اوورز میں 250 رنز تک محدود رہی، علی سرفراز نے 6 چوکوں کی مدد سے 60 رنز اسکور کیے، سہیل تنویر نے 29 گیندوں پر 43 رنز بنائے جس میں ایک بلند و بالا چھکا اور 4 چوکے شامل تھے، اوپنر اویس ضیا نے 37 اور سرمد بھٹی نے32 رنز اسکور کیے، کامران اکمل ایک رن بنا سکے، کپتان جنید خان نے3 جبکہ شعیب ملک اور تاج ولی نے2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد رضوان مین آف دی میچ رہے۔ جمعے کوسندھ نائٹس کا مقابلہ فیڈرل یونائیٹڈ سے ہوگا۔