پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ میں تاجکستان کی شمولیت

جب تک دہشت گردی موجود ہے اس خطے میں تعمیر و ترقی کے منصوبے مکمل کرنا انتہائی مشکل کام ہے۔


Editorial January 05, 2015
جنوبی ایشیاء اور وسط ایشیا ایسے خطے ہیں جہاں خوشحالی کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے لیکن اس سے فائدہ اسی وقت ہو سکتا ہے جب سارے خطے میں امن قائم ہو جائے۔

یہ اطلاع خوش آیند ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تاجکستان کو بھی ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ میں شامل کر لیا جائے گا اور اس پر تینوں ممالک کی حکومتیں متفق ہیں اور پاکستان ،افغانستان اور تاجکستان کے مابین سہ ملکی ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کے لیے باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہوگیا ہے۔اس حوالے سے اسلام آباد میں تینوں ملکوں کے نمایندوں کا اجلاس بھی ہوا ہے۔ اس اجلاس میں تینوں ممالک کی طرف سے معاہدے کی تفصیلات پیش کی گئیں جن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

اخباری اطلاع کے مطابق اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے لیے مذاکرات کا اگلا دور تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں فروری میں ہو گا۔ جس میں تینوں ممالک ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کا پہلا مسودہ پیش کریں گے جس پر مزید مذاکرات ہوں گے۔ مذاکرات کا تیسرا دور کابل میں ہو گا جس میں معاہدوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ مذاکرات میں تجارت اور سرمایہ کاری کی سہولت کے لیے ریل اور روڈ رابطے کے قیام کی ضرورت پر زور دیا جائے گا۔تینوں ممالک کے مشترکہ تجارتی اور ٹرانسپورٹ کوریڈور کے قیام سے اس سارے خطے میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو سکتا ہے۔

تاجکستان کے علاوہ افغانستان سے ملحقہ دوسرے ممالک یعنی ازبکستان اور ترکمانستان کو بھی اس میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح پاکستان پورے وسط ایشیا تک رسائی حاصل کر سکتا ہے تاہم اس حوالے سے ایک اہم حقیقت یہ ہے کہ یہ خواب یا منصوبے اسی وقت پایہ تکمیل تک پہنچ سکتے ہیں جب پاکستان اور افغانستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوجائے ۔ جب تک دہشت گردی موجود ہے اس خطے میں تعمیر و ترقی کے منصوبے مکمل کرنا انتہائی مشکل کام ہے۔

جنوبی ایشیاء اور وسط ایشیا ایسے خطے ہیں جہاں خوشحالی کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے لیکن اس سے فائدہ اسی وقت ہو سکتا ہے جب سارے خطے میں امن قائم ہو جائے۔اگر اس خطے میں علاقائی تنازعات اور دہشت گردی کا خاتمہ ہو جاتا ہے تو قازقستان سے برما تک ایک طویل تجارتی زون تشکیل پا سکتا ہے اور اس سے اس سارے خطے میں تعمیر و ترقی کے نئے دورکا آغاز ہو سکتا ہے۔