فرانس میں 48 گھنٹے تک جاری پولیس آپریشن میں 3 حملہ آوروں سمیت7 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعـء 9 جنوری 2015
سرچ آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹرزسے علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی گئی،
فوٹو؛ اے ایف پی

سرچ آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹرزسے علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی گئی، فوٹو؛ اے ایف پی

پیرس: فرانس میں 2 روز قبل ہفت روزہ اخبار پر دھاوا بولنے والے حملہ آوروں اور پولیس کے درمیان تیسرے روز بھی دارالحکومت پیرس میں جنگ کی سی کیفیت برقرار رہی اور کئی گھنٹوں تک گھیراو کرنے کے بعد پولیس نے 3 مسلح افراد کو ہلاک کرکے کچھ یرغمالیوں کو رہا کرا لیا ہے جبکہ اس دوران مسلح افراد نے یرغمالیوں میں سے 4 افراد کو ہلاک کردیا۔

فرانسیسی پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے پیرس کے شمال میں انڈسٹریل ٹاؤن دامارٹن این گولے کی عمارت میں داخل ہوکر ایک شخص کو جبکہ پیرس کے مشرقی حصے میں بھی ایک ٹاؤن میں دہشت گردوں نے سپر مارکیٹ کے ایک اسٹور میں گھس کر 5 سے زائد افراد کو یرغمال بنا لیا تھا ، پولیس کی بھاری نفری نے دونوں عمارتوں کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا اور 48 گھنٹوں کی کارروائی کے بعد تینوں مسلح افراد کو ہلاک کردیا گیا ہے تاہم دہشت گردوں نے مرنے سے قبل فائرنگ کر کے یرغمالیوں میں سے 4 کو ہلاک کردیا جبکہ باقی یرغمال بنا ئے گئے افراد کو رہا کرا لیا گیا ہے۔  پولیس کا کہنا تھا کہ تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ اس کارروائی کے دوران ایک پولیس افسر سمیت 4 افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔

پولیس کاکہنا ہے کہ مسلح افراد کے پاس بھاری ہتھیار موجود تھے اور انہوں 5 افراد کر یرغمال بنالیا تھا جبکہ یہ وہی حملہ آورتھے جنہوں نے چارلی ایبڈو پر حملہ کیا تھا۔ پولیس حکام نے حملے میں ملوث 2 دہشت گردوں کی تصاویر جاری کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ عوام 32 سالہ کاولی بیلے اور خاتون دہشت گرد 26 سالہ حیات بامیڈینی سے ہوشیار رہیں۔

اس سے قبل پیرس کے مشرقی علاقے میں پولیس اخبار کے دفتر پر حملہ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے آپریشن کر رہی تھی کہ حملہ آوروں نے ایک گاڑی سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا جب کہ حملہ آوروں نے ایک شخص کو یرغمال بھی بنا لیا۔ پولیس کی جانب سے مبینہ حملہ آوروں کی گاڑی کا پیچھا کیا جا رہا ہے جب کہ سرچ آپریشن کے دوران علاقے کی ہیلی کاپٹرز سے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی فرانس میں شرپسندوں نے 2 مساجد پر دستی بموں سے حملہ کیا جب کہ فائرنگ سے ایک خاتون پولیس اہلکار ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوا تھا  اور اس سے ایک روز قبل پیرس میں ہفت روزہ اخبار کے دفتر پر فائرنگ سے ایک صحافی اور گستاخانہ خاکے بنانے والے کارٹونسٹ سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔