پینٹنگولر کپ میں صہیب نے بلوچستان واریئرز کو فائنل کا ٹکٹ دلا دیا

ناصر کے158رنزپنجاب بادشاہزکیلیے ناکافی ثابت ہوئے


Sports Reporter January 11, 2015
کراچی : سنچری کی تکمیل پر پنجاب بادشاہز کے ناصر جمشید کا فاتحانہ انداز، ان کی ٹیم ہار گئی (فوٹو: محمد عظیم )

بلوچستان واریئرز نے سنسنی خیز مقابلے میں پنجاب بادشاہز کو1 وکٹ سے مات دے کر پینٹنگولرکپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق پینٹنگولر کپ میں پنجاب بادشاہز اور بلوچستان واریئرز کااختتامی لیگ میچ سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کرگیا تھا، دونوں ٹیموں کو کامیابی کے ساتھ رن ریٹ بھی مدنظر رکھنا تھا، واریئرزکے کپتان عمر امین نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، پنجاب بادشاہز نے مقررہ50 اوورز میں5 وکٹ پر 315 رنز بنا دیے، ناصر جمشید اور علی وقاص نے ٹیم کو 220 کا آغاز فراہم کیا، علی 86رنز بناکر ذوالفقار بابر کی گیند پر بسم اللہ خان کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہوگئے، عمر اکمل صرف8رنز بنا سکے، ناصر جمشید 286 کے مجموعے پر آئوٹ ہونے والے تیسرے پلیئر ثابت ہوئے۔

انھوں نے 140گیندوں پر158 رنز بٹورے، ان کی اننگز میں 21 چوکے اور 2 چھکے شامل رہے، شاہد یوسف نے36 رنز بنائے، بلوچستان واریئرز کو 41.2 اوورز میں316 رنز بنانے کا مشکل ہدف ملا، اظہر علی اور بسمہ اللہ خان نے 78 رنز کی افتتاحی پارٹنر شپ قائم کی، دونوں بالترتیب 72 اور 30رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، صہیب مقصود نے جارحانہ انداز میں 86 گیندوں پر125 رنز اسکور کرکے ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا،ٹیم نے 39.4 اوورز میں 8وکٹ پر 309رنز بنا لیے، وہاب ریاض، محمد طلحہ اور رضا حسن نے2،2 وکٹیں لیں، صہیب مقصود مین آف دی میچ رہے۔