پی آئی اے قومی ہاکی چیمپئن بن گیا

فائنل میں واپڈا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 4-2 سے شکست، مقررہ وقت میں مقابلہ 2-2 سے برابررہا


Sports Reporter January 12, 2015
فائنل میں واپڈا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 4-2 سے شکست ، مقررہ وقت میں مقابلہ 2-2 سے برابررہا. فوٹو: پی پی آئی/فائل

پی آئی اے ہاکی کا نیا قومی چیمپئن بن گیا، فائنل میں واپڈا کو 4-2سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


تفصیلات کے مطابق26دسمبر سے نواز شریف ہاکی سٹیڈیم میں جاری قومی ہاکی چیمپئن شپ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی فتح کیساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام ایونٹ میں مجموعی طور پر 19 ٹیموں نے شرکت کی، پی آئی اے نے دفاعی چیمپئن نیشنل بینک اور واپڈا نے آرمی کو سیمی فائنل میں شکست دے کر فیصلہ کن معرکے تک رسائی حاصل کی تھی،دونوں ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل آئیں، جس میں پی آئی اے نے واپڈا کو 2کے مقابلے میں4گول سے شکست دے کر ہاکی کا نیا قومی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، رنرز اپ ٹیم نے ابتدائی 2کوارٹرز تک 2 گول کی برتری حاصل ہونے کے باوجود قومی ٹائٹل اپنے نام کرنے کا سنہری موقع گنوا دیا،کھیل کے آغاز میں ہی واپڈ ا کی ٹیم بھر پور فارم میں دکھائی دی اور اس کے فارورڈز نے ائیرلائن کے دفاع کو تہس نہس کر کے رکھ دیا۔

تصور عباس کے خوبصورت پاس پرعمر بھٹہ نے 5ویں ہی منٹ میں واپڈا کی طرف سے پہلا گول کیا، پہلا کوارٹر ختم ہونے کے صرف ایک منٹ قبل واپڈا کی ٹیم پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب ہو گئی جس پر علیم بلال نے حریف ٹیم کی دفاعی لائن میں واضح شگاف ڈالتے ہوئے گیند کو جال کے اندر پھینک دیا، پہلے کوارٹر کے اختتام تک اسکور 2-0 رہا۔ دوسرے میں بھر پور کوششوں کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

تیسرے کوارٹر میں پی آئی اے کی ٹیم بھر پور فارم میں نظر آئی اور اس کے فارورڈز نے واپڈا کے گول پوسٹ پر حملوں کی بوچھاڑ کر دی تاہم بھر پور کوششوں کے باوجود بھی کوئی کامیابی نہ حاصل کر سکی، چوتھے کوارٹر کے ابتدائی 2 منٹوں میں پی آئی اے نے یکے بعد دیگرے 2 گول کر کے میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا۔

شفقت رسول نے 47ویں منٹ میں حریف ٹیم کے ڈیفینڈرز کو چکمہ دیتے ہوئے پاس تجربہ کار کھلاڑی محمد زبیر کو دیا جنھوں نے بغیر کوئی غلطی کیے بال کو جال کے اندر پھینک کر اسکور 2-1کر دیا، چند لمحوں کے بعد ہی پی آئی اے کی ٹیم پنالٹی کارنر حاصل کرنے میں کامیاب رہی جس پر کاشف علی نے گول کر کے مقابلہ 2-2سے برابر کر دیا، آخری 13 منٹوں میں کوئی بھی ٹیم مزید گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

میچ برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کو 5، 5پنالٹی شوٹ آؤٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا، اس موقع پر پی آئی اے کے گول کیپر عمران بٹ نے تمام کوششیں ناکام بناکر فتح اپنی ٹیم کی جھولی میں ڈال دی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد علی، چیف کوچ شہناز شیخ، سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن اجمل لودھی، انجم سعید، طارق شیخ اور سابق اولمپئنز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ دریں اثنا ملک ذوالفقار نے قومی چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی تمام صوبائی ٹیموں کو ہاکی اسٹکس بھی تقسیم کیں، ٹیم کے ہر منیجر کو18، 18 ہاکیاں دیتے ہوئے انھوں نے اعلان کیا کہ وہ مستقبل میں بھی قومی کھیل کو سپورٹ کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔