ٹیم کی ورلڈکپ فاتح کپتان عمران سے ملاقات کی خواہش حسرت میں بدل گئی

قومی کھلاڑی عمران خان سے مشورے لینا چاہتے تھے لیکن انھوں نے لاہور آنے سے معذرت کرلی، شہریار خان


Sports Reporter January 20, 2015
عمران خان کی بطور کرکٹر بڑی عزت کرتے ہیں، چیرمین پی سی بی فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈکپ 1992کے فاتح کپتان عمران خان سے ملاقات کی خواہش حسرت میں بدل گئی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے کہاکہ ہم عمران خان کی بطور کرکٹر بڑی عزت کرتے ہیں،وہ چیمپئن کپتان تھے، میگا ایونٹ میں شرکت کیلیے روانگی سے قبل قومی کھلاڑی ان سے مل کر مفید مشورے لینا چاہتے تھے، سابق کپتان کو پیغام بھجوایا گیا تو انھوں نے لاہور آنے سے معذرت کرلی، ظاہر ہے کہ ان کی مجبوریاں بھی ہیں،انھوں نے کہا تھا کہ کرکٹرز اسلام آباد آئیں تو ملاقات ضرور کرینگے تاہم کھلاڑی پشاور میں آرمی پبلک اسکول کا دورہ کرکے آئے تو بوجوہ واپسی پر وفاقی دارلحکومت میں نہ رک سکے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کے بعد قومی کھلاڑیوں کی بنی گالا روانگی بھی متوقع تھی لیکن ملک میں پٹرول بحران کی وجہ سے ایک پروگرام منسوخ ہونے پر دوسرے پر بھی عمل درآمد نہ ہوسکا،وزیر اعظم کے بجائے صرف سیاسی حریف تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملنا حکومتی حلقوں میں کس طور بھی قابل قبول نہ ہوتا،اس صورتحال میں کرکٹرز اسلام آباد میں رکے بغیر ہی واپس آگئے۔