شاہینوں نے کیویز کے دیس میں ڈیرے ڈال دیئے

قومی کھلاڑیوں کی براستہ دبئی وآسٹریلیا35گھنٹے طویل اورتھکا دینے والے سفرکے بعد آرام کو ترجیح


Sports Reporter January 23, 2015
کرائسٹ چرچ پہنچتے ہی حفیظ کی پرانی یادیں تازہ، پہلی ون ڈے سنچری یہیں بنائی تھی اب بھی اچھا کھیل پیش کروں گا(اوپنر)۔ فوٹو: فائل

لاہور: براستہ دبئی اور آسٹریلیا35گھنٹے طویل اورتھکا دینے والے سفرکے بعد پاکستانی شاہینوں نے کیویز کے دیس میں ڈیرے ڈال دیے۔

کھلاڑیوں نے پہلے روز آرام کو ترجیح دی،جمعے کو نیٹ پریکٹس سے نیوزی لینڈکیخلاف سیریزکی تیاریوں کا آغاز ہوگا، اتوار اور منگل کو میزبان پریذیڈنٹ الیون کیخلاف2سائیڈ میچز میں کنڈیشنز سے ہم آہنگی کا موقع ملے گا۔کرائسٹ چرچ پہنچتے ہی اوپنر محمد حفیظ کی پرانی یادیں تازہ ہو گئیں، انھوں نے کہا کہ پہلی ون ڈے سنچری یہیں بنائی تھی، اب بھی اچھا کھیل پیش کروں گا۔ دوسری جانب جنید خان کی ورلڈکپ میں شرکت کے امکانات معدوم ہوگئے۔

خلاپُرکرنے کیلیے بلاول بھٹی کو کیویز کے دیس روانہ کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے ورلڈکپ کی مہم پر روانہ ہونے والی پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ پہنچ گئی، قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اور آفیشلز 35گھنٹے طویل اورتھکا دینے والے سفرکے بعد اپنی منزل تک آئے، ہیڈ کوچ وقاریونس نے برسبین میں ٹیم کوجوائن کیا جس کے بعد پلیئرز براستہ آکلینڈ کرائسٹ چرچ پہنچے، انھوں نے جمعرات کے روز تھکن اتارنے کو ترجیح دی، جمعے کو نیٹ پریکٹس سے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریزکی تیاریوں کا آغاز ہوگا۔

گرین شرٹس2 ون ڈے انٹرنیشنل میچز سے قبل میزبان پریذیڈنٹ الیون کیخلاف2سائیڈ میچز25 اور27 جنوری کو کھیلیں گے،کیویز کیخلاف پہلا ون ڈے31جنوری اوردوسرا 3فروری کو شیڈول ہے، قومی ٹیم ورلڈ کپ کی تیاری کیلیے4 تاریخ کو سڈنی پہنچے گی جہاں میگاایونٹ سے قبل بنگلہ دیش اورانگلینڈ کیخلاف 2وارم اپ میچزکھیلے جائیں گے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ میں جنید خان کی خدمات حاصل نہیں ہو سکیں گی، ہیمسٹرنگ انجری میں سفر انتہائی نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔

پیسر کو کار کے ذریعے آبائی شہر صوابی جانے کی اجازت دیدی گئی جس نے ان کی انجری میں اضافہ کردیا،جیند خان کا کیس بگڑتے ہی ایک لابی سہیل تنویر اور دوسری انورعلی کو ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کرانے کیلیے سرگرم ہوگئی، البتہ چیئرمین شہریار خان نے درمیانی راستہ نکالتے ہوئے کپتان مصباح الحق کے پسندیدہ بلاول بھٹی کو موقع دینے کا فیصلہ کرلیا، سفری انتظامات نامکمل ہونے کی وجہ سے پیسر دیگر منتخب کھلاڑیوں کے ہمراہ نیوزی لینڈ روانہ نہیں ہوسکے تھے،بلاول بھٹی جمعرات کی شب لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے براستہ دبئی برسبین پہنچے،وہ آکلینڈ سے ہوتے ہوئے کرائسٹ چرچ میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

اگرچہ بورڈ کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں پیسر کی کارکردگی اور جنید خان کی فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد کسی ایک کو ورلڈکپ اسکواڈ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا، البتہ ذرائع کے مطابق کسی انٹرنیشنل مقابلے میں حصہ لیے بغیر ہی جنید خان کو ورلڈکپ میں آزمانے کا خطرہ مول لیے جانے کا امکان نظر نہیں آتا، دورئہ یو اے ای میں 2سیریز کا کوئی بھی میچ نہ کھیل پانے والے پیسر چند ڈومیسٹک مقابلوں میں شرکت کے بعد ایک بار پھر انجرڈ ہوگئے تھے۔ دوسری جانب گذشتہ روز کرائسٹ چرچ پہنچتے ہی اوپنر محمد حفیظ کی پرانی یادیں تازہ ہو گئیں، انھوں نے کہا کہ میں نے پہلی ون ڈے سنچری یہیں بنائی تھی، اب بھی اچھا کھیل پیش کروں گا۔ یاد رہے کہ حفیظ کے بولنگ کرنے پر پابندی عائد ہے، البتہ وہ میگا ایونٹ سے قبل ایکشن کلیئر کرانے کیلیے پُرعزم ہیں۔