کلیئر ہونے پر سعید اجمل کو ورلڈکپ کھلانا چاہیئے محسن خان

ذہین کرکٹر اور ٹیم مین پاکستان کیلیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، سابق ٹیسٹ اوپنر


Sports Reporter January 23, 2015
ذہین کرکٹر اور ٹیم مین پاکستان کیلیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، سابق ٹیسٹ اوپنر۔ فوٹو: فائل

سابق اسٹار محسن حسن خان نے کلیئر ہونے پر سعید اجمل کو ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بنانے کی حمایت کردی،ان کا کہنا ہے کہ آف اسپنر ایک ذہین کرکٹر اور ٹیم مین ہیں، میگا ایونٹ میں پاکستان کیلیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن حسن خان نے ایک انٹرویو میں کہاکہ میری دعا ہے کہ سعید اجمل چنئی میں بولنگ ایکشن کلیئر کرانے میں کامیاب ہو جائیں،اس کے بعد اگر آئی سی سی قوانین اجازت دیں تو انھیں ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کرلینا چاہیے، محسن خان نے کہا کہ دنیا کے بہترین آف اسپنر کی خدمات سے محروم ہونا پاکستان کیلیے ایک دھچکا ہے،ان کو باہر بیٹھے دیکھ کر دلی تکلیف ہورہی ہے، سعید اجمل ایک بہترین کھلاڑی اور ٹیم مین ہیں، انھوں نے ہمیشہ اپنی فٹنس کا خود ہی بڑا خیال رکھا، طویل عرصے تک ملک کیلیے خدمات سرانجام دینے والے کرکٹر کے ساتھ مجھے کام کرنے کا موقع ملا، میں جانتا ہوں کہ وہ ہمت ہارنے والوں میں سے نہیں ہیں، پوری امید ہے کہ ایکشن کلیئر کرانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

سابق اوپنر نے کہا کہ اگر نتائج مثبت ہوں تو سعید کو ضرور ورلڈکپ کھیلنے کیلیے بھیج دینا چاہیے۔آف اسپنر کے پہلے کی طرح موثر ہونے کے سوال پر محسن خان نے کہا کہ وہ ایک ذہین بولر اور اپنے دماغ کا استعمال کرنا جانتے ہیں،'' کیرم'' اور ''سیم اپ'' ڈلیوریز کی بات تو انھوں نے خود کردی ہے، میرے خیال میںان کے پاس اب بھی ورائٹیز کی کمی نہیں ہوگی۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ سعید اجمل کلیئر نہ ہوئے تو پاکستان کرکٹ کیلیے ایک بڑا جھٹکا ہوگا، وہ مزید چند سال انٹرنیشنل کرکٹ کھیل سکتے ہیں،ان کا متبادل تیار کرنا کوئی آسان کام نہیں ہوگا۔