ایکسپریس نیوز بار بار نشاندہی کرتا رہا لیکن قانون کے رکھوالے اپنے فرائض سے دامن چراتے رہے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز
لاہور:
ایکسپریس نیوز کی کوششیں رنگ لے آئیں اور پولیس نے گوجرنوالہ میں قانون کی دھجیاں بکھیرنے والے تماں بٹ کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔
پنجاب بھر میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد ہے لیکن حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے تماں بٹ طاقت کے نشے میں چور ہوکر ساتھیوں سمیت قانون کی دھجیاں بکھیرتے رہے جس کی ایکسپریس نیوز بار بار نشاندہی کرتا رہا لیکن قانون کے رکھوالے اپنے فرائض سے دامن چراتے رہے تاہم آج مجبورہوکر پولیس نے قانون کو روندنے والے تماں بٹ کو ساتھیوں سمیت گرفتارکرلیا۔
تماں بٹ پر تھانہ کینٹ میں بھتہ لینے کے الزام میں مقدمہ درج ہے جب کہ تھانہ ماڈل ٹاؤن میں بھی اس کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے جس کے باوجود تماں بٹ آزاد پھرتا رہا۔