ڈیوڈ وارنر کا ’ہیوی‘ بیٹ بھی حکام کے ریڈار میں آگیا

نئے قوانین نے توازن بگاڑا، سرکل سے باہرپانچویں فیلڈر کی غیرحاضری سے کافی فرق پڑا،فنچ


Sports Desk February 06, 2015
2012میں نئے قوانین کے بعد294ون ڈے میچزمیں مجموعی طورپر2181چھکے لگ چکے۔ فوٹو: فائل

آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کا 'ہیوی' بیٹ بھی حکام کے ریڈار میں آگیا، اپنے45ملی میٹر بیٹ سے وہ کئی بڑی اننگز کھیل چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے اپنے ایک انٹرویو میں کھیل میں توازن بگڑنے کی وجہ جدید بیٹس کو قرار دیتے ہوئے قوانین وضع کرنے کا عندیہ دیا تھا جس پر ملا جلا ردعمل سامنے آنے لگا۔ اس حوالے سے آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کے بیٹ کا سائز بھی زیر بحث ہے، وہ 45 ایم ایم موٹے بیٹ کے ساتھ کھیلتے اوراپنی پاور ہٹنگ سے کئی بڑی اننگز کھیل چکے ہیں۔

ساتھی کھلاڑی ایرون فنچ نے اس حوالے سے کہا کہ اس موسم گرما میں ہم نے ڈیوڈ وارنر کا جو بیٹ دیکھا اس کا سائز حقیقت میں کافی مضحکہ خیز ہے، جس سے وہ آسانی سے چھکے جڑ سکتے ہیں، البتہ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ ڈیوڈ وارنر ویسے بھی ہارڈ ہٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں چاہے ان کے ہاتھ میں کیسا ہی بیٹ کیوں نہ ہو۔

انھوں نے کہا کہ یقیناً بیٹ سے فرق پڑتا ہے لیکن دونوں اینڈز سے نئی بالزکے استعمال سے ریورس سوئنگ اور اس طرح کی دوسری چیزیں نہیں ہوتیں، گیند نرم پڑتی ہی نہیں ہے، اسی طرح سرکل کے باہر پانچویں فیلڈر کی عدم موجودگی کے باعث بیٹسمین خالی جگہوں پر آسانی سے شاٹس کھیلتے ہیں۔ یاد رہے کہ 2012 میں نئے قوانین کے بعد 294 ون ڈے کھیلے گئے، ان میں مجموعی طور پر 2181 چھکے لگے،نئے قوانین سے قبل کھیلے گئے اتنے ہی میچز میں 1722 چھکے لگے تھے۔