’’تازہ کمک‘‘ ٹیم کی قسمت بدلنے کے لیے بے چین

ہرمیچ کوآخری موقع سمجھ کربھرپورفائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا، ناصر جمشید


Sports Reporter February 10, 2015
ورلڈکپ میں میری اچھی لائن و لینتھ پر بولنگ ٹیم کیلیے کار آمد ثابت ہوگی، راحت ۔ فوٹو : فائل

''تازہ کمک'' پاکستانی ٹیم کی قسمت بدلنے کیلیے بے چین ہے، آسٹریلیا روانگی سے قبل اوپنرناصر جمشید نے کہاکہ ورلڈکپ کے ہر میچ کو آخری موقع سمجھ کر بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا، پیسر راحت علی نے کہاکہ میری اچھی لائن و لینتھ پر بولنگ ٹیم کیلیے کار آمد ثابت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ کی انجری کے سبب ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانے والے اوپنر ناصر جمشید نے اپنا انتخاب درست ثابت کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ گذشتہ برس فٹنس کا کوئی مسئلہ نہیں تھا، میں فارم میں نہ ہونے کی وجہ سے اچھا نہیں کھیل سکا، شاٹ سلیکشن میں بھی غلطیاں ہوتی رہیں، کسی بھی وجہ سے چند اننگز میں بڑا اسکور نہ کر پائیں تو دباؤ بڑھ جاتا ہے، البتہ حال ہی میں ختم ہونے والے ڈومیسٹک سیزن میں اچھی فارم حاصل کرلی۔

پینٹنگولر کپ میں بھی کارکردگی بہتر رہی، ورلڈ کپ میں اچھا کھیل پیش کرکے عوامی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا، ناصر جمشید نے کہا کہ میگا ایونٹ کا کوئی اضافی دباؤ محسوس نہیں کررہا،آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز بھی اب پہلے کی طرح مشکل نہیں رہیں،وہاں 300سے زائد رنزبن رہے ہیں جبکہ اسٹروک پلیئرز سنچریاں بھی بناتے ہیں،ہوم گراؤنڈ سمجھ کر بغیر کسی پریشر کے بیٹنگ کروں گا۔انھوں نے کہا کہ میری فیلڈنگ اچھی نہ ہونے کا تاثر درست نہیں، اس شعبے میں کبھی کوئی بڑی غلطی نہیں کی ہے۔ اس موقع پر راحت علی نے کہاکہ اچانک انتخاب پر کوئی اضافی دباؤ محسوس نہیں کررہا،ڈومیسٹک سیزن اور پینٹنگولر کپ میں فارم بہتر رہی۔

قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی اچھی ہم آہنگی ہے، انھوں نے کہا کہ محدود اوورز کے فارمیٹ کیلیے حکمت عملی میں تھوڑی بہت تبدیلی درکار ہوتی ہے، جس کے بعد کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی، میگا ایونٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے کیلیے پُراعتماد ہوں، پوری امید ہے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز میں میری اچھی لائن اور لینتھ پاکستان کیلیے کار آمد ثابت ہوگی۔