جنوبی افریقہ سے سیریزمیں ثنا میر ویمن ٹیم کی کپتان برقرار

قومی سائیڈ پروٹیز کیخلاف سیریز کی تیاریوں کا آغاز28 مارچ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کرے گی۔


Sports Reporter February 14, 2015
قومی اسکواڈ کا انتخاب، تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 مقابلے آئندہ ماہ شارجہ میں ہوں گے۔ فوٹو: فائل

RAWALPINDI: جنوبی افریقہ سے آئندہ ماہ شارجہ میں شیڈول سیریز کیلیے16رکنی قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا انتخاب کرلیا گیا، ثنا میر کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔

تین ایک روزہ اور اتنے ہی ٹی 20 مقابلوں کیلیے منتخب پلیئرز کا ٹریننگ کیمپ 28 فروری سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں لگے گا۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ سے مقابلوں کیلیے قومی ویمنز ٹیم کا انتخاب حال ہی میں لاہورمیں ہونے والے پریکٹس میچز میں فٹنس اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا۔ 3 ایک روزہ اور اتنے ہی ٹوئنٹی20 میچز پر مشتمل سیریز 13 سے 23 مارچ تک شارجہ میں ہوگی، دونوں اسکواڈز 10 مارچ کو خلیجی ریاست پہنچ جائیں گے۔

ایک ون ڈے 13 مارچ کو شیڈول ہے، ایک روز وقفے کے بعد دونوں ٹیمیں ایک بار پھر ایکشن میں دکھائی دیںگی، سیریز کا آخری میچ 17 مارچ کو کھیلا جائیگا۔ ٹوئنٹی20 سیریز کا آغاز 19 مارچ کو ہو گا، اگلے روز ایک بار پھر دونوں ٹیمیں نبرد آزما ہوں گی، تیسرا اور آخری مقابلہ 22 مارچ کوکھیلا جائے گا۔23 مارچ کو دونوں ٹیمیں اپنے وطن لوٹ جائیں گی۔

پروٹیز کےخلاف سیریز کیلیے منتخب کھلاڑیوں میں ثناء میر( کپتان) بسمہٰ معروف، سیدہ نین فاطمہ عابدی، رابعہ شاہ (وکٹ کیپر)، ندا راشد، جویریہ ودود، اسماویہ اقبال، مرینہ اقبال، سمیعہ صدیقی، ثانیہ اقبال،سعدیہ یوسف، ناہیدہ خان، ارم جاوید، انعم امین،کائنات امتیاز اور سدرہ امین شامل ہیں، ریزرو پلیئرز میں سدرہ نواز، عالیہ ریاض، نائلہ نذیر اور ڈیانا بیگ کو رکھا گیا ہے ۔ عائشہ اشعر ٹیم منیجر جبکہ دیگر آفیشلزمیں محتشم رشید (کوچ)، رفعت اصغر گل (فزیو تھراپسٹ)، ابرار احمد(ٹرینر) اور عثمان ہاشمی اینالسٹ شامل ہیں۔

قومی سائیڈ پروٹیز کیخلاف سیریز کی تیاریوں کا آغاز28 مارچ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کرے گی،9مارچ تک جاری رہنے والے کیمپ میں کھلاڑیوں کو صبح اور شام کے الگ الگ سیشنز میں ٹرینگ فراہم کرنے کے ساتھ سابق ٹیسٹ کرکٹرز سے خصوصی لیکچرز بھی دلائے جائیں گے۔