یونس خان اور سرفراز کی جگہ صہیب اور عمر اکمل کو کھلایا جائے عامر سہیل

یونس خان ون ڈے کرکٹ میں خود کو ایڈجسٹ نہیں کر پا رہے ہیں ،عامر سہیل


Sports Reporter February 14, 2015
عمر اکمل سے ہی بیٹسمین اور وکٹ کیپر کا کام لیا جائے،عامر سہیل:فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ کپتان عامر سہیل نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ میں یونس خان کے بجائے صہیب مقصود کو کھلانا چاہیے، اسی طرح سرفرازاحمد کو ڈراپ کر کے عمر اکمل کو جگہ دی گئی تو کامیابی کی توقع کی جا سکتی ہے۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی جم خانہ میں ورلڈ کپ کے حوالے سے کتاب ''فرسٹ سکسر''کی تقریب رونمائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا، عامر سہیل نے کہا کہ یونس خان ون ڈے کرکٹ میں خود کو ایڈجسٹ نہیں کر پا رہے، وہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز اور پریکٹس میچز میں بھی اپنی فارم کا مظاہرہ نہ کرسکے، ان کی جگہ نوجوان اور باصلاحیت بیٹسمین صہیب مقصود کو دی جائے جس نے پریکٹس میچ کے دوران مشکل وقت میں اپنی اہلیت ثابت کی۔

انھوں نے کہاکہ بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کو 5 اسپیشلسٹ بیٹسمین اور اتنے ہی بولرز کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے، ٹور سلیکشن کمیٹی کو سرفرازاحمد کی قربانی دینا ہوگی، عمر اکمل سے ہی بیٹسمین اور وکٹ کیپر کا کام لیا جائے۔