رسوا کن شکست پر سابق کرکٹرز بھی سراپا احتجاج بن گئے

پی سی بی میں مافیا کا راج ہے جو کسی اہل شخص کو ٹکنے نہیں دیتا، عامر سہیل


Sports Reporter February 22, 2015
ٹیم نے افسوسناک اور شرمناک کھیل کا مظاہرہ کیا، ایسا لگ رہا ہے کہ یہ قومی نہیں بلکہ محلے کی کوئی سائیڈ ہو، عبدالقادر۔ فوٹو: فائل

KARACHI: ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں رسواکن شکست پر سابق کرکٹرز بھی سراپا احتجاج بن گئے، سابق کپتان عامر سہیل نے کہاکہ پی سی بی میں مافیا کا راج ہے جو کسی اہل شخص کو ٹکنے نہیں دیتا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست پر عوام کے ساتھ سابق کرکٹرز بھی شدید غصے میں ہیں، سابق کپتان عامرسہیل نے الزام عائد کیاکہ پی سی بی میں مافیا کاراج ہے جوکسی اہل آدمی کو ٹکنے نہیں دیتا، جب تک یہ مافیا ہے پاکستانی عوام آنسو بہاتے رہیں گے، سابق کپتان کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی بورڈ کے اعمال کا نتیجہ ہے۔

دوسری جانب نجی ٹی وی سے گفتگو میں عبدالقادر نے کہا کہ ٹیم نے افسوسناک اور شرمناک کھیل کا مظاہرہ کیا، ایسا لگ رہا ہے کہ یہ قومی نہیں بلکہ محلے کی کوئی سائیڈ ہو، انھوں نے وزیراعظم سے قومی ٹیم کی بدانتظامی پرنوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا، سابق اوپنر صادق محمد نے کہا پاکستانی بیٹسمینوں کو وکٹ پر ٹھہرنا چاہیے تھا لیکن انھوں نے جلد بازی میں اپنی وکٹیں گنوا دیں۔ سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے کہاکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو آف اسٹمپ سے باہر جاتی ہوئی گیندوں کو چھوڑنے کی پریکٹس کرنی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ ٹیم کی ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شرمناک شکست کا جواب معین خان، مصباح الحق اور وقار یونس سے لیا جائے، سابق بیٹسمین محمد یوسف نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی میچز میں کارکردگی دکھا کر ون ڈے ٹیم میں شامل ہوجاتے ہیں، جب تک وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں پرفارم نہ کریں انھیں اسکواڈ میں جگہ نہیں دینی چاہیے۔