الیکٹرانکس ڈیلرز کا ایس ایچ او پریڈی کیخلاف احتجاج

ایس ایچ او بھتہ خوروں سے نجات کے بجائے پتھاروں،موٹرسائیکلوں کی پارکنگ لگارہے ہیں ۔


Business Reporter October 06, 2012
بھتے کی پرچیاں موصول ہورہی ہیں ،پولیس کے عدم تعاون پر تاجر پریشان ہیں ، ادریس میمن

الیکٹرانکس مارکیٹ کے تاجروں نے بھتہ خوروں،جرائم پیشہ افرادکی سرگرمیوں پر قابو پانے میں ناکامی اور شکایت کنندہ تاجروں کو ہراساں کرنے پر ایس ایچ او پریڈی کو برطرف کرنے کا مطالبہ کردیا،

کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے4 ہزار سے زائد اراکین نے ایس ایچ او پریڈی کے خلاف جمعہ کو بطوراحتجاج اپنی دکانیں بند رکھیں، کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر ادریس میمن نے ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ایس ایچ او پریڈی الیکٹرانکس مارکیٹ کے تاجروں کو بھتہ خوروں اور جرائم پیشہ عناصر سے نجات دلانے کے بجائے تجارتی مراکز کے اطراف میں پتھاروں اورموٹرسائیکلوں کی ناجائز پارکنگ قائم کرنے پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں،

انھوں نے بتایا کہ ریگل الیکٹرانکس مارکیٹ میں یومیہ بنیادوں پر تاجروں کوبھتے کی پرچیاں موصول ہورہی ہیں لیکن علاقہ پولیس پر اعتماد کے فقدان کے سبب متاثرہ تاجروں کی اکثریت رپورٹنگ کرنے سے گریزاں ہیں، صدر کے مختلف علاقوں میں پریڈی تھانے کی سرپرستی میں موٹرسائیکلوں کی غیرقانونی پارکنگ ایریاز قائم کیے گئے ہیں، دریں اثنا کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر نے بھی جمعہ کوالیکٹرانکس مارکیٹ میں کی جانے والے شٹرڈائون ہڑتال اور تاجروں کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تاجروں کی بے چینی دور کرکے ایماندار ایس ایچ او تعینات کرنے کی ہدایات جاری کریں۔