پاکستان نے ڈس ایبلڈ ون ڈے سیریز بھی جیت لی

افغانستان کو دوسرے میچ میں9وکٹ سے مات، عارف کی ففٹی، مہمان ٹیم کی آج واپسی


Sports Reporter February 28, 2015
افغانستان کو دوسرے میچ میں9وکٹ سے مات، عارف کی ففٹی، مہمان ٹیم کی آج واپسی۔ فوٹو: پی ڈی سی اے

ڈس ایبلیٹی کرکٹ کے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے افغانستان کو باآسانی9وکٹ سے شکست دے کر 2-0سے سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فاتح کپتان حسنین عالم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، افغان ٹیم 39.5 اوورز میں156رنز بنا سکی، کپتان نبی اللہ نبی32، حسیب اللہ24اور خان زادہ 21رنز کے ساتھ نمایاں رہے،عبداللہ خان نے 3اور محمد امیر نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف27.4اوورز میں حاصل کرلیا، عارف رچرڈ نے نصف سنچری بنانے کا تسلسل قائم کرتے ہوئے 95گیندوں پر ناقابل شکست 78رنزبنائے، اس میں 9چوکے شامل تھے۔

راؤ جاوید نے 59گیندوں پر 8چوکوں کی مدد سے 57رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے،آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی مطلوب قریشی تھے، میچ میں شمیم انصاری اور اکبر خان نے امپائرنگ کی، ریفری علی گوہر تھے،آخر میں تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی سابق چیف سلیکٹر و سابق ٹیسٹ کرکٹر صلاح الدین احمد صلونے حسنین عالم کو وننگ ٹرافی دی۔

پی سی بی کے رکن گورننگ بورڈ اور کے سی سی اے کے صدر پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے مہمان کھلاڑیوں اور آفیشلز کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کی، افغان کرکٹ بورڈ کے ڈاکٹر عبدالمنان نے بہترین مہمان نوازی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو جوابی دورے کی دعوت دی،اس موقع پرسلیم کریم، امیرالدین انصاری، محمد نظام، حسن بخشی، شفیق کاظمی،سید منیر علی قادری و دیگر بھی موجود تھے، افغان ٹیم ہفتے کو وطن واپس روانہ ہوگی۔