
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں واقع نجی اسکول میں تدریسی عمل جاری تھا کہ ایک کار میں سوار نامعلوم افراد کریکر پھینک کر فرار ہوگئے، دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم اس سے اسکول کی دیوار کو نقصان پہنچا ہے۔ واقعے کے بعد نامعلوم افراد نے دھمکی آمیز پمفلٹ بھی پھینکا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک میں پھانسیاں دینے کا عمل فوری طور روکا جائے۔
واضح رہے کہ کچھ ماہ قبل گلشن اقبال کے علاقے بلاک 7 میں دہشت گرد نجی اسکول پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے تھے جب کہ اس سے قبل پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں 136 بچوں سمیت 141 افراد شہید ہوگئے تھے۔