ایس ایچ اوز کو بینکوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت

متعلقہ ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز اپنی موجودگی میں شواہد اکھٹا کرینگے


Staff Reporter October 08, 2012
ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت جرائم پیشہ افراد کیخلاف ایکشن لیا جائے، آئی جی سندھ۔ فوٹو: فائل

آئی جی سندھ فیاض احمد لغاری نے تمام ایس ایچ اوز کو اپنے اپنے علاقوں میں قائم بینکوںکا دورہ کرنے اور سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

جبکہ متعلقہ ایس پیز بینکوں کیلیے اختیار کردہ اور درکار سیکیورٹی اقدامات کیساتھ ساتھ ممکنہ کمزوریوںکے حوالے سے رپورٹ دیں ، آئی جی سندھ نے کراچی میں نئی تقرریاں حاصل کرنیوالے ڈویژنل ایس پیز سے خطاب کیا اور امن امان کے قیام و دیگر اقدامات سے متعلق ضروری ہدایات دی، اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر سندھ، ایسٹ ویسٹ زونزکے ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی ایڈمن، ڈی آئی جی سی آئی اے، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

آئی جی سندھ نے ہدایت دیں کی دہشت گردی،قتل، بھتہ کلکشن،اغوا، ریپ اور دیگر سنگین جرائم بالخوص ٹارگٹ کلنگز کے جائے وقوع پر متعلقہ ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز اپنی موجودگی میں شواہد اکھٹا کرینگے، آئی جی سندھ نے تمام ایس ایچ اوز پر بروز پیر سے متعلقہ علاقوں کے بینکوں کا وزٹ اور سیکورٹی میں ممکنہ کمزوریوں پر باقاعدہ رپورٹ جمع کرنے کے احکامات دیے۔