غیر ملکی دوروں کے شوقین واٹر بورڈ کے افسر کیخلاف تحقیقات بند

افسران کا کہنا ہے کہ مشکورالحسنین ان کا حق مار کر غیر ملکی دوروں پر گئے ہیں


Staff Reporter October 08, 2012
ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واٹر بورڈ سرکاری وسائل سے شوق پورے کرتے ہیں،تحقیقات تک دوروں پر پابندی عائد کی جائے،افسران

اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ نے واٹر بورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر مشکورالحسنین کیخلاف تحقیقات کو سردخانے میں ڈال دیا ہے۔

جس پر واٹربورڈ کے افسران نے حیرت کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ جب کوئی کارروائی نہیں کرنی تھی تو پھر تحقیقات شروع کیوں کی گئی،تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ نے واٹربورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر مشکورالحسنین کی طرف سے سرکاری اختیارات کو استعمال کرکے غیر معمولی تعداد میں غیر ملکی دوروں کے بارے میں تحقیقات شروع کی تھیں اور اس سلسلے میں واٹربورڈ کی انتظامیہ کو متعدد خطوط لکھ کر ان سے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات طلب کی گئیں۔

تاہم اس حوالے سے واٹربورڈ کی انتظامیہ نے اینٹی کرپشن کی طرف سے بھیجے جانیوالے خطوط میں اٹھائے جانیوالے متعدد سوالات کا جواب دینے سے اجتناب کیا مگر اس کے باوجود اینٹی کرپشن نے اچانک اس معاملے کو سردخانے کی نظر کردیا ہے اور اس بارے میں مزید کارروائی سے گریز کیا جارہا ہے ذرائع نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ اینٹی کرپشن کی انتظامیہ کسی سیاسی دباؤ پر آکر کارروائی کو دبادیا ہے اس صورتحال پر واٹربورڈ کے افسران نے تحفظات کا اظہار کیا ہے افسران کا کہنا ہے کہ مشکورالحسنین ان کا حق مار کر غیر ملکی دوروں پر گئے ہیں۔

تحقیقات کے آغاز سے یہ امید ہوئی تھی کہ اگر اس معاملے میں ان کیخلاف کوئی کارروائی ہوئی تو ان کو کم ازکم اطمینان تو ہوجائیگا کہ ہمارے ملک میں ناانصافی اور دوسروں کا حق مارنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر اچانک جس طرح اس معاملے کو سردخانے ڈال دیا گیا ہے اس سے ہمیں مایوسی ہوئی ہے، افسران نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ مشکورالحسنین کو ملکی وغیر ملکی دوروں کا حد سے زیادہ شوق ہے سرکاری وسائل سے وہ اپنا شوق پورا کرتے ہیں لہٰذا جب تک اینٹی کرپشن اپنی تحقیقات کا عمل مکمل نہ کرلے مشکورالحسنین کے ملکی وغیر ملکی دوروں پر پابندی عائد کی جائے۔