میرٹ پر19ہزار اساتذہ بھرتی کیے جائیںپیرمظہرالحق

عالمی بینک خستہ حال اسکولوں کی بحالی و دیگر امور کیلیے300ملین ڈالر فراہم کرے گا.


Staff Reporter October 08, 2012
عالمی بینک خستہ حال اسکولوں کی بحالی و دیگر امور کیلیے300ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیر تعلیم پیر مظہرالحق نے کہا ہے کہ صوبے میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلیے میرٹ پر19ہزار اساتذہ بہت جلد بھرتی کیے جائیں گے۔

خستہ حال اسکولوں کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا جارہا ہے، یہ بات انھوں نے عالمی بینک کے ساتھ ہونے اجلاس کے دوران کہی، اجلاس میں عالمی بینک مشن کی ٹیم کے سربراہ دیشانت راجو، سیکریٹری تعلیم مختار حسین سومرو، اسپیشل سیکریٹری سجاد عباسی، چیف پروگرام منیجر آر ایس یو پرویز سیہڑ اور ڈپٹی پروگرام منیجر غلام نبی لغاری نے شرکت کی، وزیر تعلیم نے کہا کہ عالمی بینک اساتذہ کی بھرتی، اسکولوں کی بحالی کیلیے آئندہ 4 سال کیلیے300ملین ڈالر فراہم کرے گا۔

وزیر تعلیم نے وفد کو بتایا کہ اساتذہ کی تربیت کیلیے سندھ ٹیچرز ایجوکیشن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایس ٹی ای ڈی اے) قائم کی گئی ہے جس کے ذریعے اساتذہ کو طلبا کو پڑھانے کے متعلق تربیت دی جائے گی، انھوں نے وفد کو بتایا کہ اسکولوں کے متعلق جغرافیکل انفارمیشن سسٹم (جی آئی ایس) متعارف کرایا گیا ہے۔