پاکستان6برسوں میں ایک کروڑ 80لاکھ غریب بڑھ گئے

لوڈشیڈنگ،سیلاب،تعلیم کا فقدان اورناقص طبی سہولتوں نے غریب سے غریب تر بنا دیا.


October 08, 2012
ہرسال30لاکھ لوگ مزیدغریب ہورہے ہیں، سوشل پالیسی اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر کی رپورٹ۔ فوٹو: ایکسپریس

مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، صنعت کی بربادی اور بے روزگاری میں اضافے کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

گزشتہ6برسوں میں غریبوں کی تعداد 7فیصدبڑھی اور یہ 37فیصد تک پہنچ گئی، بڑھنے والی یہ تعدادایک کروڑ 80 لاکھ رہی۔ سوشل پالیسی اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر نے غربت اور ساتویں قومی مالیاتی ایوارڈکے متعلق رپورٹ جاری کی ہے،جس میں کئی تلخ پہلو سامنے آئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق این ایف سی کے اثرات درست انداز میں لوگوں تک نہیں پہنچے،عوام کیلیے تعلیم اور صحت کے اخراجات میں تو اضافہ ہوا لیکن سہولتیں بہتر نہ ہوسکیں۔ لوڈ شیڈنگ، سیلاب، تعلیم کا فقدان اورناقص طبی سہولتوں نے لوگوں کو غریب سے غریب تر بنا دیا۔ہر سال پاکستان میں30 لاکھ لوگ مزید غریب ہو رہے ہیں، گذشتہ 6 برسوں میں ایک کروڑ 80 لاکھ کے لگ بھگ افراد مزیدغریب ہوگئے ہیں۔