کوارٹر فائنل میں پاکستان کی شکست

آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے کواٹرفائنل میچ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔


Editorial March 22, 2015
اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں مثبت تبدیلیاں کی جائیں تاکہ مستقبل میں ٹیم اچھے کھیل کا مظاہرہ کر سکے۔ فوٹو : اے ایف پی

آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے کواٹرفائنل میچ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یوں پاکستان کا سیمی فائنل کھیلنے کاخواب پورا نہ ہو سکا۔

اس میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن توقعات پر پورا نہ اتری اور کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ آسٹریلیا کی اپنی سرزمین پر پاکستان کے خلاف یہ مسلسل آٹھویں کامیابی تھی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 213 رنز اسکور کیے۔ اس میں سب سے زیادہ رنز حارث سہیل کے 41 شامل تھے۔ اوپننگ جوڑی ناکام ثابت ہوئی۔

احمد شہزاد 5 اور سرفراز احمد 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ مصباح الحق 34 رنز بنا سکے۔ عمر اکمل نے 20 جب کہ صہیب مقصود نے 29 رنز اسکور کیے۔ شاہد آفریدی 23 رنز بنا سکے۔پاکستانی فاسٹ باؤلروں خصوصاً وہاب ریاض نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور آسٹریلیا کے ابتدائی تین کھلاڑی جلد آؤٹ ہو گئے لیکن وہاب ریاض کی گیند پر راحت علی نے شین واسٹن کا کیچ چھوڑ دیا، اس کے بعد شین واسٹن سیٹ ہو گئے اور انھوں نے 64 رنز بنائے اور آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

اس میچ میں پاکستان کی فیلڈنگ بھی انتہائی ناقص تھی۔ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے صرف ایک بڑا میچ جیتا جو جنوبی افریقہ کے خلاف تھا۔ ٹورنامنٹ کے 7 میچوں میں صرف ایک سینچری اسکور کی گئی۔ اس ٹورنامنٹ میں سینئر کھلاڑیوں نے اپنے کھیل سے انتہائی مایوس کیا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں مثبت تبدیلیاں کی جائیں تاکہ مستقبل میں ٹیم اچھے کھیل کا مظاہرہ کر سکے۔