1700سیٹیں 14050امیدوار صوبے کے میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

کراچی کی900سیٹوں پر داخلوں کے لیے این ای ڈی میں منعقدہ ٹیسٹ میں4ہزار900 امیدوارشریک ہوئے.


Staff Reporter October 08, 2012
میڈیکل کالجز میں داخلے کیلیے طلبہ و طالبات انٹری ٹیسٹ دینے میں مصروف ہیں(فوٹو: ایکسپریس)

کراچی سمیت صوبے کے میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس سال برائے 2012-13 میں17سو سیٹوں پر داخلوںکیلیے مجموعی طور پر14ہزار50 امیدواروں نے اتوارکو انٹری ٹیسٹ میں شرکت کی۔

کراچی سمیت اندرون سندھ5 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے، کراچی میں ڈاؤ میڈیکل کالج، سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور لیاری میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کی مجموعی800سیٹوں جبکہ ڈاکٹر عشرت العباد خاں میں بی ڈی ایس کی100سیٹوں پر داخلے کیلیے4ہزار900 امیدواروں نے شرکت کی، کراچی میں انٹری ٹیسٹ این ای ڈی یونیورسٹی میں نیشنل ٹیسٹنگ سروسز کے تحت منعقد کیے گئے جہاں سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے، اس موقع پر کراچی کے تینوںکالجوںکی انتظامیہ اور صوبائی محکمہ صحت کے ایڈیشنل ٹیکنیکل سیکریٹری ڈاکٹر سریش کمار بھی موجود تھے۔

ڈاؤ یونیورسٹی نے امتحانی مرکز میں ہیلپ ڈیسک بھی قائم کی تھی جہاں امیدواروں کی رہنمائی بھی کی جارہی تھی، واضح رہے کہ کراچی کے تینوں میڈیکل کالجوں میں ڈاؤ یونیورسٹی کے ماتحت چلنے والے میڈیکل کالج350، سندھ میڈیکل یونیورسٹی350، لیاری میڈیکل کالج100جبکہ بی ڈی ایس کیلیے ڈاکٹر عشرت العباد خاں انسٹیٹیوٹ میں 100 سیٹیں مختص ہیں، نیشنل ٹیسٹنگ سروسزکے عمران کا کہنا ہے کہ انٹری ٹیسٹ کی آنسر کی امیدواروںکو جاری کردی گئی ہے تاہم انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان 10 اکتوبر کو کیا جائیگا، معلوم ہوا ہے کہ نیشنل ٹیسٹنگ سروسز صرف امیدواروں کے نتائج ویب سائٹ اور متعلقہ کالجوں کو جاری کریگی تاہم میڈیکل کالجوں کی انتظامیہ میرٹ لسٹ خود تیارکریںگی۔

جس کے مطابق ابتدائی میرٹ لسٹ15 اکتوبرکو آویزاںکی جائیگی جبکہ16اکتوبر کو اس پر اعتراضات جمع کرائے جاسکیں گے، صوبے کے میڈیکل وڈینٹل کالجوں میں حتمی میریٹ فہرست20 اکتوبرکو آویزاں کردی جائیگی جبکہ یکم نومبر سے نئے تعلیمی سال کاآغازکردیا جائیگا، جن کالجوں میں امیدوار داخلے لیں گے ان میں کراچی میں ڈاؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسسز،سندھ میڈیکل یونیورسٹی(سابقہ سندھ میڈیکل کالج)لیاری میڈیکل کالج کراچی شامل ہیں جبکہ اندرون سندھ کے میڈیکل کالجوں میں لیاقت یونیورسٹی جامشورو، پیپلزیونیورسٹی فاروومن،شہیدبے نظیر بھٹومیڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ اور غلام محمد مہر میڈیکل کالج شامل ہیں، ڈاؤمیڈیکل یونیورسٹی میں 350سیٹیں جبکہ 350سیٹیں سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے لیے مختص ہونگی، لیاری میڈیکل کالج 100 سیٹیں جبکہ ڈاکٹرعشرت العباد اورل سائنسز بی ڈی ایس میں 100سیٹیں مختص ہیں جبکہ لیاقت یونیورسٹی جامشورومیں 350سیٹیں، پیپلزیونیورسٹی برائے خواتین میں200اورشہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لاڑکانہ میں 350سیٹوں پر داخلے دیے جائیں گے۔