ویمنزاسکواش پاکستان اہم انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کا میزبان

یکم اپریل سے راولپنڈی میں شیڈول مقابلوں میں6ممالک کی پلیئرز شرکت کریں گی


Sports Desk March 29, 2015
یکم اپریل سے راولپنڈی میں شیڈول مقابلوں میں6ممالک کی پلیئرز شرکت کریں گی فوٹو: فائل

پاکستان جلد ایک اہم انٹرنیشنل ویمنز اسکواش ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔ یکم اپریل سے راولپنڈی میں شیڈول10 ہزار ڈالر انعامی رقم کے بحریہ ٹائون انٹرنیشنل ایونٹ میں 6 ممالک کی ٹاپ پلیئرز شریک ہوں گی۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری عامر نواز نے نمائندہ ''ایکسپریس ٹریبیون''کو بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار 10ہزار ڈالر انعامی رقم کے ویمنز ایونٹ کا انعقاد ہورہا ہے، کوالیفائنگ مرحلہ 30 اور 31 مارچ کو کھیلا جائے گا جبکہ مین رائونڈ کا آغاز یکم اپریل سے ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ براہ راست مین مرحلہ کھیلنے والی واحد پاکستانی پلیئرماریہ طورہیں۔

انھیں7ویں سیڈنگ حاصل ہے۔ عامرنواز نے کہا کہ مقامی نوعمر پلیئرز کے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر اپنی کارکردگی میں نکھار لائیں، انھوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی ٹاپ سیڈ سیولی واٹرز کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے، ان کے ساتھ چوتھی سیڈ چیان ٹوکر بھی پاکستان آرہی ہیں۔مصر سے سیکنڈ سیڈ نائیڈین شاہین اور فراح عبدالمگید جبکہ ہانگ کانگ کی تین کھلاڑی لیو ٹسز لین، کامین لی اور وینیسا چائو بھی ایکشن میں نظر آئیں گی ملائیشیا کی بھی تین کھلاڑی ذوالحجا بینٹی آزان، ریچل آرنلڈ اور تیہ من جی پاکستان آ رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سلواکیہ اور بھارت سے بھی ایک، ایک کھلاڑی ایونٹ میں حصہ لیں گی،ٹورنامنٹ میں کئی ٹاپ رینک پلیئرز حصہ لے رہی ہیں،اس کی میزبانی سے پاکستان کو بے پناہ فائدہ ہوگا،اس سے ملک میں خواتین میں اسکواش کے فروغ کے لیے ہمارے پروگرام کو تقویت حاصل ہوگی اور نوجوان ملکی پلیئرزاس جانب راغب ہوںگی۔