جاپانی تاجروں نے پاکستان کوانویسٹمنٹ کیلیے بہترین قرار دیدیا

23 رکنی وفد میں مختلف شعبوں میں کام کرنے والی جاپانی کمپنیوں کے ایگزیکٹوز اور اعلی انتظامیہ کے افراد شامل ہیں


Business Reporter October 09, 2012
23 رکنی وفد میں مختلف شعبوں میں کام کرنے والی جاپانی کمپنیوں کے ایگزیکٹوز اور اعلی انتظامیہ کے افراد شامل ہیں. فوٹو: فائل

پاکستان کا ایک عشرے بعد دورہ کرنے والے جاپانی تجارتی وفد نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مثبت تاثرات کا اظہار کیا ہے۔

23 رکنی وفد میں مختلف شعبوں میں کام کرنے والی جاپانی کمپنیوں کے ایگزیکٹوز اور اعلی انتظامیہ کے افراد شامل ہیں، وفد کے زیادہ تر ارکان پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہے تھے۔ کراچی میں قیام کے دوران وفد نے اتوار کو شہر میں جاری ایکسپو 2012 کا دورہ کیااور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سینئر اہلکار و دیگر سرکاری افسران سے ملاقاتیں کیں، بعد ازاںمقامی کاروباری افراد، عہدیداران اور مختلف کاروباری ایسو سی ایشنز کے ساتھ نیٹ ورکنگ سیشن منعقد کیا۔ جیٹروٹوکیو کے ایگزیکٹو نائب صدر Daisuke Hiratsuka نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی پالیسی نہایت دوستانہ ہے۔

جاپان میں یہ خیال پایا جاتا ہے کہ پاکستان خطرناک ملک ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان میں کاروبار کیلیے بہتر ماحول موجود ہے، پاکستان بہترین ملک ہے اور میں یہاں سرمایہ کاری کر کے قائدہ حاصل کر سکتا ہوں، پاکستان میں کاروباری سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں اور یہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلیے کاروباری حب ثابت ہو سکتا ہے۔ جاپانی وفد نے انڈس موٹر کمپنی اور پورٹ قاسم پر قائم ٹویوٹا کے پلانٹ کا دورہ کیا ، پھروفد اسلام آباد کیلیے روانہ ہوگیا جہاں وہ صدر مملکت سے ملے گا، وفد دورے کے آخر میں سیالکوٹ اور لاہور بھی جائے گا۔