شہرکے مختلف ٹائونز میں صفائی مہم کا آغاز عملہ متحرک

چیف آفیسرز مختارپلیجو،قمرشیخ،شفیق الرحمن،آفاق سعید،عبدالراشدنے مہم کی نگرانی کی


Staff Reporter October 09, 2012
فوٹو: پی پی آئی/فائل

گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی خصوصی ہدایت پرشہر بھر کوکچرے وملبے سے پاک بنانے کیلیے خصوصی صفائی مہم کا آغازکردیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں چیف آفیسر ملیر ٹائون ڈاکٹرمختار علی پلیجو نے پیر کے روز ملیر ٹائون کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے جاری امور کا جائزہ لیا، انھوں نے ہدایت جاری کہ سخت محنت وجانفشانی کے ساتھ صفائی کے امور انجام دیے جائیں،چیف آفیسر اورنگی ٹاؤن قمر شیخ نے ہدایت جاری کی ہے کہ کچرا کنڈیوں سے کچرے اور ملبے کے ڈھیر فوری طور پر صاف کیے جائیں اور جراثم کش ادویات کا چھڑکاؤکیا جائے، چیف آفیسر شفیق الرحمن گلشن اقبال ٹائون کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا، شفیق الرحمن نے کہا کہ صفائی ستھرائی کا پلان مرتب کرکے عملدرآمد فوری شروع کیا جائے۔

چیف آفیسرلانڈھی ٹائون عبدالراشد خان نے کہا ہے کہ لانڈھی ٹائون کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جائیں،صفائی ستھرائی کے عمل کو3شفٹوں میں جاری رکھا جائے ،نیوکراچی ٹائون میں بھی صفائی مہم کا آغازکردیا گیا ، چیف میونسپل آفیسر نیوکراچی ٹائون آفاق سعید نے ٹائون میں صفائی مہم کا آغازکیا ، یہ خصوصی صفائی مہم عیدالاضحی تک جاری رہے گی ، اس سلسلے میں آفاق سعید نے کہا کہ صفائی مہم کو وقتی کارکردگی دکھانے کا منصوبہ نہ سمجھا جائے بلکہ ہر روزکی صفائی اس طرح ہوکہ عوام کو روزانہ صفائی مہم کا احساس ہو ،گندگی اور غلاظت کا خاتمہ اور مکینوںکو صاف ستھرا ماحول میسر آسکے۔