زمبابوین کرکٹ ٹیم مئی میں پاکستان آنے پر رضامند

زمبابوین ٹیم دورہ پاکستان میں 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز یا 5ون ڈے میچز پر مشتمل سیریزکھیلے گی، ۔ذرائع


Sports Reporter April 09, 2015
زمبابوین ٹیم دورہ پاکستان میں 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز یا 5ون ڈے میچز پر مشتمل سیریزکھیلے گی، ۔ذرائع فوٹو: فائل

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا امکان روشن ہوگیا، ذرائع کے مطابق زمبابوین کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان پر آمادگی ظاہرکردی ہے اور مہمان ٹیم مئی کے وسط میں پاکستان کے سونے گراؤنڈ آبادکرے گی۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکر چیمہ نے زمبابوین کرکٹ حکام سے ملاقات میں انکشاف کیا تھا کہ افریقی ملک اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کا خواہشمند ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں ملکوں کے بورڈ کے درمیان جاری بات چیت کے مطابق زمبابوین ٹیم دورہ پاکستان میں 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز یا 5ون ڈے میچز پر مشتمل سیریزکھیلے گی، ملک میں سیکیورٹی معاملات کے پیش نظر ابتدائی طور پر تمام میچز لاہور میں منعقدکرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر بعض شدت پسندوں کے حملے کے بعد ٹیسٹ اسٹیٹس کی کوئی بھی ٹیم پاکستان میں کھیلنے کے لیے نہیں آئی ہے، گزشتہ برس کینیا کی ٹیم نے لاہور کا دورہ کیا تھا اور پاکستان اے کیخلاف 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں حصہ لیا تھا۔

پی سی بی کے ایک عہدیدار کے مطابق زمبابوے کرکٹ بورڈ کیساتھ دورہ پاکستان کے معاملات آخری مراحل میں ہیں، سیریز کے انعقادکا حتمی فیصلہ اور دیگرمعاملات آئندہ ہفتے دبئی میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ کے دوران طے کیے جائیں گے۔