نائٹ رائیڈرز نے ممبئی انڈینز کی خوش فہمی دور کردی

شرما نے65 بالز پر12چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 98 رنز بنائے


Sports Desk April 09, 2015
شرما نے65 بالز پر12چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 98 رنز بنائے۔ فوٹو : آئی پی ایل

آئی پی ایل کے پہلے مقابلے میں دفاعی چیمپئن کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ممبئی انڈینزکی خوش فہمی دور کردی، سوریا کماریادیو کے لاٹھی چارج کی بدولت 7 وکٹ سے فتح پائی، انھوں نے 20 بالز پر 46 رنز بنائے۔

تفصیلات کے مطابق کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 169 رنز کا ہدف 3 وکٹ کے نقصان پرحاصل کیا، کپتان گوتم گمبھیر نے 57 اور منیش پانڈے نے 40 رنز بنائے۔ سوریا کمار یادیو 46 اور یوسف پٹھان 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے پہلے ممبئی انڈینز نے 3 وکٹ پر168 رنز بنائے، مہمان ٹیم کو پہلا نقصان دوسرے ہی اوورمیں برداشت کرنا پڑا جب اس کے اوپنر آرون فنچ صرف 5 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

یہ آئی پی ایل 2015 کی پہلی وکٹ تھی جوکہ مورن مورکل کے حصے میں آئی، یہ گیند فنچ کی توقع سے زیادہ تیز اور زیادہ شارٹ تھی وہ تھوڑا آگے تھے جس سے وہ درست طور پر پل نہیں کرپائے اوربیٹ کے آخری کونے سے ٹکرا کر اچھلنے والی گیند ڈیپ اسکوائر لیگ پر موجود امیش یادیو کے ہاتھوں میں سما گئی۔ 37 کے مجموعے پر اوپر تلے دووکٹیں گر گئیں، ادتیا تارے نے7 رنزبناکر شکیب کی سلو گیند کو ہٹ کیا مگر لانگ آف پر یادیو کے ہاتھوں ہی کیچ ہوگئے۔

اگلے اوورکی دوسری گیند پر مورن مورکل نے امباتی رائیڈو کو کھاتہ کھولنے کا موقع دیے بغیر یوسف پٹھان کا کیچ بنا دیا۔ اس کے بعدکولکتہ نائٹ رائیڈرز کو کوئی وکٹ نہیں ملی، روہت شرما اورکورے اینڈرسن نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 131 رنز جوڑے، شرما نے65 بالز پر12چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 98 رنز بنائے جبکہ اینڈرسن 54 رنز پرناٹ آؤٹ رہے۔