جرمنی کی 65 سالہ خاتون کے ہاں ایک ساتھ 4 ننھے مہمانوں کی آمد متوقع

برلن سے تعلق رکھنے والی آنے گریٹ راؤنکگ نامی خاتون پہلے ہی 13 بچوں کی ماں کے ساتھ 7 بچوں کی نانی اور دادی بھی ہیں


ویب ڈیسک April 13, 2015
آنے گریٹ نے آخری بار 2005 میں بیٹی کو جنم دیا جس کے بعد وہ میڈیا میں خبروں کی زینت بنیں۔ فوٹوفائل

KARACHI: جرمنی کی 65 سالہ خاتون اور 13 بچوں کی ماں ایک بار پھر حاملہ ہوگئیں ہیں جب کہ اس بار ان کے ہاں اکٹھے چار ننھے مہمانوں کی آمد متوقع ہے جس کے بعد وہ دنیا کی عمر رسیدہ ماں بھی بن جائیں گی۔

مقامی میڈیا کے مطابق جرمنی کے شہر برلن سے تعلق رکھنے والی آنے گریٹ راؤنکگ نامی خاتون پہلے ہی 13 بچوں کی ماں کے ساتھ 7 بچوں کی نانی اور دادی بھی ہیں تاہم اب ایک بار پھر وہ 65 سال کی عمر میں حاملہ ہوگئیں جب کہ اس بار ان کے ہاں ایک یا دو نہیں بلکہ اکٹھے 4 بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔

آنے گریٹ درس وتدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں اور 2005 میں آخری مرتبہ انہوں نے ایک بیٹی کو جنم دیا اور اب ان کی اسی بیٹی خواہش کہ اس کا کوئی چھوٹا بہن یا بھائی بھی ہو اور اب بیٹی کی خواہش کو ہی پورا کرنے کرنے کے لئے آنے گریٹ نے ایک بار پھر 65 سال کی عمر میں ماں بننے کا فیصلہ کیا اوراس کے لئے انہوں نے بیرون ملک سےعلاج بھی کرایا۔

آنے گریٹ کی سب سے بڑی بیٹی کی عمر 44 سال ہے جب کہ 2005 میں انہوں نے 55 سال کی عمر میں ایک بیٹی کو جنم دیا جس کے بعد وہ میڈیا میں خبروں کی زینت بنیں تاہم اب 65 سال کی عمر میں وہ اکٹھے 4 بچوں کو جنم دے کر دنیا سب سے عمر رسیدہ ماں بن جائیں گی۔