شہری نے ڈاکو کا اسلحہ چھین کر گولی مار دیدوسرا زخمی ملزم گرفتار

منظور کالونی میں سیلزمین سے2ڈاکو رقم چھین کر فرار ہورہے تھے کہ مشتعل افراد نے تعاقب کے بعد پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا


Staff Reporter October 10, 2012
ایک شخص نے ڈاکو حسن نوید سے اسلحہ چھین کر اسے گولی مار دی جو بعدازاں ہلاک ہوگیا۔ فوٹو: فائل

محمود آباد میں لوٹ مار کرنیوالے2ڈاکوؤں کو عوام نے پکڑ کے تشدد کا نشانہ بنایا۔

اس دوران نامعلوم شخص نے ڈاکوکا اسلحے چھین کر اسے گولی مار کر ہلاک کردیا، تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی کے علاقے محمود آباد منظور کالونی میں واقع اعظم میڈیکل سینٹر کی عمارت میں قائم شہزاد میڈیکل اسٹور کے سامنے موٹر سائیکل سوار2ڈاکو لوٹ مار کررہے تھے کہ اس دوران اہل محلہ جمع ہوگئے جسے دیکھ کر ڈاکو فرار ہو رہے تھے کہ مشتعل افراد نے تعاقب کے بعد دونوں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران نامعلوم شخص نے ایک ڈاکو سے اسلحہ چھین کر اس کے سینے پر گولی مار کر شدید زخمی کردیا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

ایس ایچ او بلوچ کالونی مرتضیٰ مجید نے بتایاکہ ہلاک ہونیوالے ڈاکو کی شناخت حسن نوید ولد محمد اسلم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ شدید زخمی ہونیوالے ڈاکو کا نام شاہ زیب ولد شاہد ہے اور دونوں ملزمان کورنگی ڈھائی کے رہائشی ہیں، انھوں نے بتایا کہ شہزاد میڈیکل اسٹور پر خشک دودھ سپلائی کرنیوالی سوزوکی پک اپ کے سیلزمین سے ڈاکو نقدی چھین رہے تھے کہ ان میں ہاتھا پائی ہوگئی اور موقع پر اہل محلہ جمع ہوگئے جنھیں دیکھ کر ایک ڈاکو موٹر سائیکل پر جبکہ دوسرا پیدل ہی فرار ہورہا تھا کہ مشتعل افراد نے تعاقب کے بعد دونوں کو پکڑ لیا۔

انھوں نے بتایا کہ شدید زخمی ہونیوالے ڈاکو شاہ زیب کو طبی امداد کیلیے جناح اسپتال پہنچایا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ پولیس نے جائے وقوع سے ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل کو قبضے میں لے لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا کہ موقع پر موجود ہجوم میں سے کس نے ڈاکو سے اسلحہ چھین کر اسے گولی ماری ہے تاہم پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔