سانحہ بلدیہ ڈی این اے سے مزید2 لاشوں کی شناخت ہوگئی

شناخت کیا جانیوالامتوفی مسعود الحسن تیسر ٹائون اورفیضان بلدیہ ٹائون کا رہائشی تھا


Staff Reporter October 10, 2012
مذکورہ لاشوں اور ان کے دعویدار افراد کے ڈی این اے سیمپل لیے گئے جس کے بعد مزید 2 افراد کی شناخت ہوگئی. فوٹو: فائل

PESHAWAR: بلدیہ ٹائون میںفیکٹری میں آتشزدگی سے جاں بحق ہونے والے مزید 2 افراد کی لاشوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ہوگئی ۔

37 افراد کی لاشیں تاحال ایدھی سرد خانے میں رکھی ہوئی ہیں ، تفصیلات کے مطابق منگل 11 ستمبر کو بلدیہ ٹائون میں واقع گارمنٹس فیکٹری علی انٹرپرائزز میں ملکی تاریخ کی بدترین آتشزدگی کے نتیجے میں 259 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے ،جاں بحق ہونے والوں میں سے 39 افراد کی شناخت نہیں ہوسکی تھی جنھیں پولیس نے ایدھی سرد خانے میں رکھوادیا تھا ، مذکورہ لاشوں اور ان کے دعویدار افراد کے ڈی این اے سیمپل لیے گئے جس کے بعد مزید 2 افراد کی شناخت ہوگئی ، شناخت کیے جانے والوں میں مسعود الحسن ولد سید مشیر الحسن شامل ہے ۔

مسعود کے برادر نسبتی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مسعود تیسر ٹائون کا رہائشی اور علی انٹرپرائزز میں گذشتہ ایک برس سے ملازمت کررہا تھا، مسعود ایک بیٹے کا باپ تھا جوکہ نویں جماعت کا طالبعلم ہے، دوسری لاش کی شناخت محمد فیضان ولد محمد طارق کے نام سے کی گئی ، فیضان بلدیہ ٹائون کا رہائشی تھا ، مقتول کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی تھی جہاں سے ایدھی سرد خانے سے اس کا ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے سیمپل لیا گیا تھا ، ایدھی سرد خانے کے عملے کے مطابق اب 39 لاشوں میں سے 2کی شناخت ہوجانے کے بعد37لاشیں رکھی ہوئی ہیں جن کے ڈی این اے سیمپل بھیجے جا چکے ہیں ۔