شہریوں نے نصیر آباد لائبریری کے باہر مویشی منڈی لگادی

گوبر و چارے کی بو کے باعث مطالعہ محال ہوگیا، طلبا نے لائبریری آنا چھوڑدیا.


Staff Reporter October 10, 2012
نصیر آباد پبلک لائبریری کے سامنے قربانی کے جانوروں کو رکھنے کے لیے ٹینٹ لگا دیے گئے ہیں فوٹو: محمد نعمان / ایکسپریس

عیدالاضحی کی آمد قریب آتے ہی شہریوں نے اپنے قربانیوں کے جانور اسکولوں اور لائبریریوں سمیت مختلف سرکاری اداروں کے اندر اور باہر باندھنے شروع کردیے ہیں۔

جس سے یہ ادارے عارضی طور پرمویشی منڈیوں میں تبدیل ہوگئے ہیں کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا دستگیربلاک 14میں نصیرآباد لائبریری کے باہربھی منظم انداز میں کئی شامیانے لگاکر جانوروں کے رہنے کا بندوبست کردیاگیا ہے جہاں انھیں 24 گھنٹے رکھنے اورچارہ پہنچانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے شہریوں کی جانب سے قربانی کے جانوروں کے لیے یہ ٹینٹ نصیر آباد لائبریری کے باہر لگایا گیا ہے جس سے لائبریری جانے کا راستہ بھی بند ہوگیا ہے اورروزانہ لائبریری آنے والے طلبا نے اس کا رخ کرنا چھوڑدیا ہے۔

لائبریری کے باہرمنظم انداز میں قربانی کے جانور باندھنے کے سبب لائبریری کی عمارت کے اندر گوبر اور چارے کی بدبو پھیل گئی ہے جس کے سبب لائبریری میں کسی بھی سیکشن میں بیٹھنا اور وہاں مطالعہ محال ہوگیا ہے ، نصیرآبادلائبریری میں مطالعہ کرنے والے طلبا نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نصیرآباد لائبریری کے باہر لگائی گئی اس مویشی منڈی کوختم کرانے کے احکامات جاری کریں۔