اے ٹیم کیمپ میں مصباح اور یونس نے بیٹنگ کوچ کا خلا پُر کردیا

قومی ٹی20اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی جونیئرزکے ہمراہ سفیدگیند سے پریکٹس


Sports Reporter April 16, 2015
نوجوان کھلاڑیوں نے سینئرز کی ہر بات غور سے سنتے ہوئے اپنا کھیل بہتر بنانے کا عزم کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

DERA ISMAIL KHAN: پاکستان اے ٹیم کے تربیتی کیمپ میں مصباح الحق اور یونس خان نے بیٹنگ کوچ کا خلا پُر کردیا، دورہ بنگلہ دیش کیلیے قومی ٹوئنٹی20 اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے جونیئرز کے ہمراہ سفید گیند سے پریکٹس کی، ٹیسٹ پلیئرز نے سرخ بال کااستعمال کیا،جمعرات کو2 ٹیمیں تشکیل دے کر ون ڈے میچ کرایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق دورہ بنگلہ دیش کیلیے ٹوئنٹی20اسکواڈ میں شامل احمد شہزاد، مختار احمد،سہیل تنویر اور عمر گل نے لاہور میں تربیتی کیمپ جوائن کرلیا، کپتان شاہد آفریدی نجی مصروفیات کی وجہ سے نہ آسکے، صرف ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے قائد مصباح الحق، یونس خان، بابر اعظم اور ذوالفقار بابر بھی موجود تھے، قومی کھلاڑیوں کو دورہ سری لنکا کی تیاریوں میں مصروف اے ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کا موقع ملا ، دوسری جانب جونیئرز کو بھی بھرپور رہنمائی اور حوصلہ افزائی حاصل ہورہی ہے۔

بدھ کو نیٹ پریکٹس کے دوران بولرز کی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم سرگرم رہے، بیٹنگ میں ان کی معاونت منصوررانا نے کی ، مصباح الحق اور یونس خان نے جونیئرز کی رہنمائی کا کردار بخوبی نبھاتے ہوئے مفید مشورے دیے، نوجوان کھلاڑیوں نے سینئرز کی ہر بات غور سے سنتے ہوئے اپنا کھیل بہتر بنانے کا عزم کیا۔

کیمپ کے دوران قومی ٹوئنٹی 20ٹیم میں شامل پلیئرز نے دورہ سری لنکا کیلیے ون ڈے اے اسکواڈ میں شامل پلیئرز کے ہمراہ سفید گیند سے پریکٹس کی، ٹیسٹ کرکٹرز نے چار روزہ مقابلوں کیلیے منتخب اے اسکواڈکے ساتھ سرخ گیند سے سیشن جاری رکھا، مصباح الحق تمام کھلاڑیوں کے میدان سے باہر جانے پر بھی کافی دیر تک نیٹ میں ذوالفقار بابر اور عدنان رسول کی اسپن گیندوں کا سامنا کرتے رہے، جمعرات کی صبح ساڑھے 8بجے وارم اپ کے بعد کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کو 2ٹیموں میں تقسیم کرکے ون ڈے پریکٹس میچ کھیلا جائے گا، محمد اکرم کرکٹرز کی فارم اور فٹنس کا ریکارڈ بھی مرتب کرینگے۔