پی ایچ ایف دوبارہ آڈٹ کرانے کیلیے تیار ہے رانا مجاہد

فیڈریشن کو تحلیل کرنے اور عبوری سیٹ اپ کی باتیں محض قیاس آرائیاں ہیں، رانا مجاہد


Sports Reporter April 16, 2015
فیڈریشن کو تحلیل کرنے اور عبوری سیٹ اپ کی باتیں محض قیاس آرائیاں ہیں، رانا مجاہد۔ فوٹو: فائل

لاہور: پی ایچ ایف کے سیکریٹری اولمپئن رانا مجاہد علی خان نے کہا ہے کہ مالی حسابات کا دوبارہ آڈٹ کرانے کے لیے تیار ہیں، فیڈریشن کوتحلیل کرنے اور عبوری سیٹ اپ قائم کرنے کی باتیں قیاس آرائیاں ہیں،غیرت مند پاکستانی ہونے کے ناطے بھارتی امداد قبول نہیں، وزیراعظم نے مالی حالات بہترکرنے کی یقین دہانی کرا دی، ریو اولمپکس میں رسائی ہدف ہے، قومی ٹیم آسٹریلیا میں شیڈول5 ملکی ٹورنامنٹ میں ضرورشرکت کریگی۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا، اس موقع پرسندھ حکومت کے سیکریٹری کھیل لئیق احمد، چیف سلیکٹر اولمپئن اصلاح الدین صدیقی، اولمپئن شاہد علی خان، اولمپئن افتخار سید اورکے ایچ اے کے سیکریٹری محمد فاروق خان و دیگر بھی موجود تھے، رانامجاہد نے کہاکہ فیڈریشن سخت مالی مسائل کا شکارہے، وزیراعظم میاں نوازشریف سے پی ایچ ایف کے صدراولمپئن چوہدری اختررسول کی متوقع ملاقات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، وزیراعظم نے فیڈریشن کے مالی حالات بہتر کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انھوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویزرشید اوروفاقی وزارت کھیل حقائق تک نہیں پہنچ سکے تھے، پروپیگنڈے کے تحت فیڈریشن کیخلاف مخالفانہ باتیں ہوئیں،اس وجہ سے فنڈزکی فراہمی میں تاخیر ہوگئی تاہم اب فراہمی کے لیے پُرامید ہیں ، پہلے مرحلے میں حکومت پنجاب نے ہمیں دورئہ آسٹریلیا اور اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کویقینی بنانے کے قابل کردیا ہے، انھوں نے کہا کہ ماضی میں فنڈز جمع کرنے میں غلطیاں ضرور سرزد ہوئیں تاہم اب مارکیٹنگ کے شعبے کو بہتربنایا جارہا ہے جبکہ ہم پی ایچ ایف کا دوبارہ آڈٹ کرانے کے لیے بھی تیار ہیں ۔

اس وقت ہماری تمام تر توجہ اولمپکس میں رسائی ہے، اس ضمن میں قومی ہاکی ٹیم نے لاہور میں تربیت کا آغاز کر دیا، کھلاڑیوں اور آفیشلز کو معاوضوں کی ادائیگی کے سمیت دیگر معاملات بھی جلد حل ہوجائیں گے، صوبائی سیکریٹری کھیل نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی کلب میں بلو آسٹروٹرف کی تنصیب اور اسٹیڈیم کی تزئین وآرائش کا کام جلد مکمل کرلیا جائیگا، اس کے لیے نجی کمپنی کو ٹھیکہ دیدیا گیا ہے۔