اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی پر قومی ہاکی ٹرائلز ملتوی

چار ملکی ایونٹ کیلیے حتمی اسکواڈ کااعلان20 سے22 اپریل تک متوقع ہے،چیف کوچ


Sports Reporter April 16, 2015
چار ملکی ایونٹ کیلیے حتمی اسکواڈ کااعلان20 سے22 اپریل تک متوقع ہے،چیف کوچ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث قومی ہاکی ٹرائلز ملتوی کردیے گئے، ہیڈ کوچ شہناز شیخ کے مطابق اولمپک کوالیفائرز، آسٹریلیا میں چار ملکی سیریز اور دورئہ جنوبی کوریا کیلیے جاری ٹریننگ کیمپ میں کئی سینئر کھلاڑی شریک نہیں ہیں، اس کی وجہ غیرملکی لیگز میں مصروفیات اور فٹنس مسائل بنے،اس لیے حتمی اسکواڈ کے انتخاب میں تاخیر کا فیصلہ بہتر ہے۔

انھوں نے بتایا کہ انجریز مسائل سے دوچار محمد عرفان اور کاشف علی سے متعلق ڈاکٹرز سے بات ہوئی۔ دنوں تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہیں،امید ہے کہ 2یا تین روز میں ٹریننگ شروع کردیں گے، راشد اور رضوان سینئر ڈچ لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں، وہ بھی 20 اپریل کو لاہور پہنچ جائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ اس وقت کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کی تعداد 27 رہ گئی ہے، 5 پلیئرز کو جونیئر ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے ریلیز کردیا گیا،ان میں طلال ،مبشر ،شان، عامرکے ساتھ ایک اور کھلاڑی ہے۔ شہناز شیخ نے کہا کہ لاہور میںجاری کیمپ میں کھلاڑیوں کو بھرپور ٹریننگ کرائی جارہی ہے۔

ایک ہفتے مزید مختلف ڈرلز کرنے کے بعد حتمی 16 رکنی اسکواڈ کے ٹرائلز 20 سے 22 اپریل تک ہوسکتے ہیں،آسٹریلیا میں 4 ملکی سیریز کھیلنے کے لیے گرین شرٹس کی 29 اپریل کو روانگی ہوگی۔دوسری طرف کیمپ کے تیسرے روز پلیئرز نے صبح کے سیشن میں ساڑھے 8 بجے سے 10 بجے تک جم ٹریننگ کی، شام کو انھیں تکنیک میں بہتری کیلیے مختلف ڈرلز کرائی گئیں، شہناز شیخ کے ساتھ کوچ سمیر احمد بھی موجود تھے۔