ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے استقبال کی تیاریاں شروع

پچزبنانے کے ساتھ کرسیوں کی مرمت اوروینیو میں تزئین وآرائش تیزی سے جاری


Sports Reporter April 25, 2015
اے، انڈر 19اور ویمن ٹیموں کو بلانے کا سلسلہ بھی برقرار رکھیں گے، شہریارخان ۔ فوٹو : ایکسپریس

ISLAMABAD: قذافی اسٹیڈیم میں6 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کے استقبال کی تیاریاں شروع ہوگئیں،آئندہ ماہ زمبابوے کے خلاف متوقع سیریز کے پیش نظر پچز تیار کی جانے لگیں، اسٹینڈز میں کرسیوں کی مرمت اوروینیو کی تزئین وآرائش کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق زمبابوے کے آئندہ ماہ متوقع دورئہ پاکستان کا شیڈول تو طے نہیں پایا تاہم قوی امکان یہی ہے کہ تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہی ہونگے۔

سری لنکن ٹیم پر 2009 میں حملے کے بعد پہلی بار کوئی ٹیسٹ ٹیم سونے میدان آباد کرنے کیلیے آرہی ہے،سیریز کیلیے ابھی سے بھرپور تیاریوں کا آغاز کردیا گیا، سخت گرمی سے متاثرہ گھاس کو سرسبز بنانے کیلیے روزانہ پانی دیا جارہا ہے، میدان کے وسط میں 3پچز بھی کیوریٹر کی بھرپور توجہ کا مرکز ہیں، پی سی بی کے میڈیا ہال کی تزئین و آرائش کا کام تو کئی ہفتے سے جاری تھا،اب تماشائیوں کیلیے اسٹینڈز کی صفائی ستھرائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔



کرسیوں کی مرمت اور ڈریسنگ روم میں پینٹ بھی کیا جا رہا ہے، دوسری جانب پلان کے مطابق مہمان ٹیم کو کسی ہوٹل کے بجائے قذافی اسٹیڈیم کے ساتھ ہی واقع نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹھہرایا جائے گا،وہاں اسٹاف نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے، پی سی بی حکام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور انتظامات کو فول پروف بنانے کیلیے سوچ بچار کی جارہی ہے،یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے بورڈکو سیکیورٹی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔



دریں اثنا ایک انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ہاتھ پر ہاتھ دھر کے بیٹھنے کے بجائے بہتر یہی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے جو ممکن ہے کم ازکم وہ ضرور کریں، اے، انڈر 19 اور ویمن ٹیموں کو بلانے کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گے۔