لانڈھی ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک

سیلز مین عقیل نے نقدی چھیننے پر مزاحمت کی


Staff Reporter October 11, 2012
ڈاکو کے دوسرے ساتھی نے فائرنگ کردی جوکہ اس کے اپنے ہی ساتھی کو لگی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ فوٹو: فائل

لانڈھی میں ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا ، ڈاکو سیلز مین کو لوٹنے کی کوشش کررہے تھے کہ اسی دوران سیلز مین اور ڈاکو گتھم گتھا ہوگئے ۔

موقع پر موجود شہریوں نے بھی ڈاکو کو تشدد کا نشانہ بنایا ، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مشتعل افراد کے چنگل سے چھڑا کر ڈاکو کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا ، تفصیلات کے مطابق لانڈھی میں بابر مارکیٹ کے قریب مقامی فوڈ کمپنی کی گاڑی علاقے میں سامان سپلائی کرنے پر مامور تھی کہ اسی دوران ڈاکوئوں نے اسے لوٹنے کی کوشش کی ، لانڈھی پولیس کے مطابق اسی دوران لانڈھی کارڈیک اسپتال کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ڈرائیور معراج کو اسلحے کے زور پر گاڑی روکنے کا کہا اور سیلز مین عقیل سے نقدی چھیننے کی کوشش کی ، اسی دوران عقیل نے مزاحمت کی اور ایک ڈاکو سے گتھم گتھا ہوگیا ، اسی دوران ڈاکو کے دوسرے ساتھی نے فائرنگ کردی جوکہ اس کے اپنے ہی ساتھی کو لگی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا ۔

موقع پر موجود مشتعل افراد نے فوری طور پر ڈاکوئوں کو دھرلیا اور انھیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا ، لانڈھی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت 35 سالہ ندیم بلوچ ولد دین محمد بلوچ اور زخمی کی شناخت 25 سالہ محمود ولد خورشید علی کے نام سے ہوئی ہے ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور شہریوں کے چنگل سے نکال کر زخمی ملزم کو ابتدائی طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا ، پولیس کے مطابق ڈاکوئوں کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول اور متعدد رائونڈ برآمد کرلیے گئے جبکہ ملزمان کے قبضے سے برآمد کی جانے والی موٹر سائیکل پر نمبر پلیٹ بھی جعلی لگی ہوئی ہے ۔