بھارتی فلم نگری پرماضی کے اداکاروں کی نسلوں کا راج

ماضی میں بالی ووڈ کے کے سپر اسٹارز نے اپنی اولادوں کو بھی فلم انڈسٹری میں متعارف کرایا


ویب ڈیسک May 02, 2015
ماضی کے سپر اسٹارز کی اولادیں بھی بالی ووڈ کے کامیاب اداکاروں میں شمار ہوتی ہیں، فوٹو:فائل

ISLAMABAD: آپ نے سیاست اور کاروبار تو نسل در نسل منتقل ہونے کا سنا ہوگا لیکن اداکاری بھی ایسا پیشہ اور فن ہے جو ایک نسل سے دوسری نسل میں منتقل ہورہا ہے جہاں بالی ووڈ میں ماضی کے سپر اسٹارز نے اپنی اولادوں کو بھی فلم انڈسٹری میں متعارف کروایا اور کئی اداکار اپنی صلاحیتوں کے باعث بالی ووڈ کے صف اول کے اداکاروں میں شامل ہیں۔

ابھیشیک بچن

https://img.express.pk/media/images/01-abhishek-bachan/01-abhishek-bachan.webp

بالی ووڈ کی پہچان اور میگا اسٹارامیتابھ بچن کانام کسی تعارف کامحتاج نہیں لیکن اب ان کے صاحبزادے ابھیشیک بچن بھارتی فلم نگری میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں، بھارتی فلم نگری میں اپنی اداکاری کے باعث بگ بی کے بیٹے کا شمار اب بالی ووڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا۔

ہریتک روشن

https://img.express.pk/media/images/02-hritiek-roshan/02-hritiek-roshan.webp

بالی ووڈ کے اسٹائلش اداکارہریتک روشن کا تعلق بھی ایک فلمی گھرانے سے ہے، سپراسٹارہریتیک روشن نے بالی ووڈ کو کئی ایکشن اور سائنس فکشن جیسی ہٹ فلمیں دی ہیں۔ ہریتک روشن بھی ماضی کے سپر اسٹار اور فلم ڈائریکٹر راکیش روشن کے صاحبزادے ہیں جب کہ ان کی والدہ پنکی روشن نامور پروڈیوسراور فلم ڈائریکٹرجے اوم پرکاش کی صاحبزادی ہیں۔

رنبیر کپور

https://img.express.pk/media/images/03-ranbir-kapoor/03-ranbir-kapoor.webp

بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور اپنی جاندار ادکاری کے باعث بالی ووڈ کے صف اول کے اداکاروں میں شامل ہیں انہوں نے 2007 میں رومانوی فلم ''ساوریا ''سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا جب کہ اب رنبیر کپوربالی ووڈ کے مہنگے ترین ادکاروں میں شامل ہیں۔ رنبیر کپور کا تعلق بھی ایک فلمی گھرانے سے ہے اور ان کے والد رشی کپور اوروالدہ نیتوسنگھ ماضی میں فلم انڈسٹری کے کامیاب ترین اداکاروں میں سے ایک ہیں۔

شاہد کپور

https://img.express.pk/media/images/04-shahid-kapoor/04-shahid-kapoor.webp

بالی ووڈ میں اپنے معاشقوں کے حوالے سے مشہور شاہد کپور نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز فلم 2003 میں فلم ''عشق وشق'' سے کیا۔ بالی ووڈ اسٹارنے اپنی اداکاری کی بدولت نہ صرف انڈسٹری میں قدم جمائے بلکہ ان کا شمار بالی ووڈ کے کامیاب ترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے۔ شاہد کپور کے والد پنکج کپور اور والدہ نیلما عظیم بھی ماضی میں بالی ووڈ کے اداکار رہے ہیں اور کئی ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

کاجول

https://img.express.pk/media/images/05-kajol/05-kajol.webp

بالی ووڈ کو کئی بلاک بسٹر فلمیں دینے والی مشہور اداکارہ کاجول کا نام بھارتی فلم انڈسٹری کی ایک پہچان بن چکا ہے۔ 6 فلم فیئر ایوارڈ اپنے نام کرنے والی اداکارہ بھی فلمی گھرانے کی چشم وچراغ ہیں جب کہ ان کے والد شومو مکھرجی اداکاری کے ساتھ ساتھ پروڈیوسر اوررائٹربھی ہیں اور والدہ تنوجا بالی ووڈ کی اداکارہ رہی ہیں۔ بالی ووڈ حسینہ نے شادی بھی اپنے دور کے سپر اسٹار اجے دیوگن سے کی ہے ۔

کرینہ کپور

https://img.express.pk/media/images/06-kareena/06-kareena.webp

بالی ووڈ کی بے بو اور اسٹائلش حسینہ کرینہ کپور بھی مشہور فلمی گھرانے کپور خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جب کہ ان کے والدرندھیر کپورماضی میں کئی سپرہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں اور ان کی والدہ بپیتا بھی ماضی میں فلم انڈسٹری کی کامیاب ہیروئن تھیں۔ کرینہ کپور نے بالی ووڈ اسٹار سیف علی خان سے شادی کی ہے۔

سوناکشی سنہا

https://img.express.pk/media/images/07-sonakshi/07-sonakshi.webp

بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ''دبنگ'' سے کیرئیر کا آغاز کرنے والی اداکارہ سوناکشی سنہا فلم انڈسٹری کی صف اول کی اداکاراؤں میں شامل ہوچکی ہیں، انڈسٹری میں انہیں دبنگ گرل کے نام سے جانا جاتا ہے جب کہ ان کا تعلق بھی فلمی گھرانے سے ہے وہ ماضی کے سپر اسٹار شتروگھن سنہا اور اداکارہ پونم سنہا کی صاحبزادی ہیں۔

شردھا کپور

https://img.express.pk/media/images/08-shadha-kapoor/08-shadha-kapoor.webp

بالی ووڈ کی بلاک بسٹر رومانوی فلم ''عاشقی 2 ''سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی شردھا کپورفلمی دنیا میں قدم جماچکی ہیں۔ شردھا کپور کے والد شکتی کپوربالی ووڈ کے کامیاب ترین ولن ہیں جنہیں بالی ووڈ میں ایک ممتازمقام حاصل ہے۔

سونم کپور

https://img.express.pk/media/images/09-sonam-kapoor/09-sonam-kapoor.webp

بالی ووڈ کے منفرد اداکار انیل کپور کی صاحبزادی سونم کپور بھی بالی ووڈ میں قدم رکھ چکی ہیں۔ سونم کپور نے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز 2007 میں بلاک بسٹر فلم ''ساوریا'' سے کیا اور اس کے بعد بھی کئی کامیاب فلموں میں جلوہ گر ہوئی ہیں۔

شروتی حاسن

https://img.express.pk/media/images/10-shuruti-hassan/10-shuruti-hassan.webp

بالی ووڈ کے اداکار، رائٹر،ڈائریکٹر،پروڈیوسراور کوریو گرافرکمال حاسن کسی تعارف کے محتاج نہیں ۔ کمال حاسن کی بیٹی شروتی حاسن بھی بالی ووڈ میں اپنے قدم جمانے میں مصروف ہیں۔ بالی ووڈ حسینہ نے فلم انڈسٹری میں اپنے کیرئیر کاآغاز 2009 میں فلم'' لک'' سے کیا ۔ شروتی حاسن بالی ووڈ کے علاوہ مقامی فلموں میں بھی جلوہ گر ہوئی ہیں۔