سپر ایٹ ٹی 20کرکٹ میں عمر اکمل نے ٹائیگرز کی ناک میں دم کر دیا

49 گیندوں پرناقابل شکست 95رنزکی طوفانی اننگز، لاہور لائنز فائنل فور میں شامل،نوید یاسین کی نصف سنچری رائیگاں


Sports Reporter May 17, 2015
مڈل آرڈر بیٹسمین نے49گیندوں پر4 چھکوں اور11چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 95 رنز بنائے۔ فوٹو: اے ایف پی

NEW DEHLI: عمر اکمل نے ملتان ٹائیگرز کی ناک میں دم کر دیا، مڈل آرڈر بیٹسمین کی طوفانی اننگز نے لاہور لائنز کو قومی سپر ایٹ ٹوئنٹی20کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل فور میں شامل کرا دیا، مڈل آرڈر بیٹسمین نے49گیندوں پر4 چھکوں اور11چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 95 رنز بنائے، 15رنز سے ناکام ملتان ٹائیگرز کو مسلسل تیسرے میچ میں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، نوید یاسین کے 39 گیندوں پر68 رنز ناٹ آئوٹ بھی کسی کام نہ آئے ۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری قومی ایونٹ سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہو گیا،گذشتہ روز میچ کے ہیرو دورئہ بنگلہ دیش سے ڈراپ ہونے والے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل رہے جنہوں نے بنگال ٹائیگرز کیخلاف نہ کھلانے کا سارا سارا غصہ ملتان ٹائیگرز پر نکال دیا، نوجوان بیٹسمین نے گرائونڈ کے چاروں اطراف چوکوں اور چھکوں کی برسات کرتے ہوئے کمنٹری کرنے والے چیف سلیکٹر ہارون رشید اور سلیکٹر اظہر خان کو خاصا متاثر کیا۔

زمبابوے ٹیم کے دورئہ پاکستان کیلیے ان کی قومی ٹیم میں واپسی کا امکان روشن ہو گیا ہے، عمر نے صرف49 گیندوں پر4چھکوں اور11 چوکوں کی مدد سے95رنز بنائے، انھوں نے فیصل آباد وولفز کے خلاف بھی ناٹ آئوٹ85 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔ اس سے قبل اوپنرزاحمد شہزاد اورمحمد حفیظ صرف8،8 رنز پروکٹیں گنوا بیٹھے، کپتان کامران اکمل28کے انفرادی سکور پر آئوٹ ہوئے،اس موقع پر عمر اکمل نے ناصر جمشید کے ساتھ مل کر فتح گر اننگز کھیلی، انھوں نے ٹیم کا مجموعی اسکور180 رنز تک پہنچا دیا، لیفٹ ہینڈر بیٹسمین 33 رنزپر ناٹ آئوٹ پویلین لوٹے، صدف مہدی، ذوالفقار بابر اور نوید یاسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔

جواب میں ملتان ٹائیگرز کی ابتدائی دونوں وکٹیں صرف 17کے اسکور پر گر گئیں، سکندر خان نے4 اور عامریاسین نے11 رنز بنائے۔ کاشف منشاء26اورگلریز صدف33کے انفرادی اسکور پر چلتے بنے، بعد ازاں نوید یاسین نے انتہائی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی فتح کا امکان بڑھایا، مگر دیگر بیٹسمینوں نے ان کا ساتھ نہ دیا، ٹائیگرز مقررہ اوورز میں 5وکٹ پر 165 رنز تک ہی پہنچ سکے۔

نوید یاسین نے 39 گیندوں پر ناٹ آئوٹ 68 رنز بنائے، اعزاز چیمہ نے3 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا جبکہ مصطفی اقبال اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی، عمر اکمل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔