سپر ایٹ کرکٹ میں سیالکوٹ اسٹالینز نے ٹائٹل قبضے میں کرلیا

لاہور لائنز فائنل میں74رنز سے ناکامی کے ساتھ اپنا اعزاز گنوا بیٹھے۔


Sports Reporter May 19, 2015
لاہور لائنز فائنل میں74رنز سے ناکامی کے ساتھ اپنا اعزاز گنوا بیٹھے۔ فوٹو: آن لائن

سیالکوٹ اسٹالینز نے قومی سپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کا ٹائٹل قبضے میں کر لیا،لاہور لائنز فائنل میں74رنز سے ناکامی کے ساتھ اپنا اعزاز گنوا بیٹھے۔

فاتح ٹیم کے نعمان انور نے صرف 54 گیندوں پر6چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے97 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، سیالکوٹ نے8وکٹ پر197کا مجموعہ ترتیب دیا، بڑے ناموں پر مشتمل لاہورکے بیٹسمین عمدہ کارکردگی پیش کرنے میں بُری طرح ناکام رہے، احمد شہزاد صفر پر آؤٹ ہوئے، محمد حفیظ 10، کامران اکمل3 اور ناصر جمشید صرف2رنز ہی بنا سکے،اننگز8وکٹ پر 123 رنز تک محدود رہی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سیالکوٹ اسٹالینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مگر صرف39 کے مجموعی اسکور پر3کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، مختار احمد نے 6 رنز بنائے، بلال آصف 5اور احمد بٹ4رنز تک محدود رہے،اس نازک مرحلے پر اوپنر نعمان انور نے حارث سہیل کے ساتھ مل کر اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا۔

دونوں نے ٹیم کے ٹوٹل کو 150 رنز تک پہنچا دیا،اسی مجموعے پر نعمان97رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے،اوپنر نے اس سے قبل کراچی ڈولفنز کے خلاف سیمی فائنل میں بھی برق رفتار80 رنز بنائے تھے، حارث47 کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، کپتان شعیب ملک صرف 11 رنز ہی بنا سکے، ایاز تصور نے13اور سلطان احمد نے 5رنز اسکور کیے، سیالکوٹ اسٹالینز نے 9وکٹ پر 197کا مجموعہ حاصل کیا، فاسٹ بولر اعزاز چیمہ بھرپور فارم میں دکھائی دیے، انھوں نے 4 اوورز میں 34 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

قیصر اشرف نے3اور عمران علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں بیشتر انٹرنیشنل پلیئرز پر مشتمل لاہور لائنز ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور بیٹسمین ایک ایک کر کے وکٹیں گنواتے رہے، 18کے مجموعی اسکور پر 3 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، احمد شہزاد اس میچ میں بھی صلاحیتوں کے اظہار میں ناکام رہے اور بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، محمد حفیظ10رنز پر چلتے بنے،کپتان کامران اکمل 3 اور ناصر جمشید 2 رنز ہی بنا سکے، عمر اکمل اور سعد نسیم نے بالترتیب35اور 26 رنز اسکور کیے،لاہور لائنز کی اننگز 8وکٹ پر 123رنز تک محدود رہی، نعمان انور فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔