آئی پی ایل میں کارتھک کا ہر رن فرنچائز کو 10 لاکھ روپے کا پڑا

مہنگے ترین یوراج کے ہراسکور کی قیمت6.45 جب کہ میتھیوزکو5.20 لاکھ ملے


Sports Desk May 19, 2015
مہنگے ترین یوراج کے ہراسکور کی قیمت6.45 جب کہ میتھیوزکو5.20 لاکھ ملے۔ فوٹو: فائل

لاہور: انڈین پریمیئر لیگ کے آٹھویں سیزن میں سب سے مہنگے اور کروڑوں روپے میں فروخت ہونے والے یوراج سنگھ، دنیش کارتھک اور انجیلو میتھیوز کا ہر رن ان کی ٹیموں کو لاکھوں روپے کا پڑا ہے، فاسٹ بولر ظہیر خان کی ہر وکٹ کی قیمت بھی لاکھوں روپے میں ہے۔

رائل چیلنجرز بنگلور کے وکٹ کیپر بیٹسمین دنیش کارتھک کو نیلامی میں ساڑھے دس کروڑ میں خریدا گیا تھا، یوراج سنگھ اور کارتھک کے لیے لگاتار دوسرا ایڈیشن سپر فلاپ رہا، دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے کارتھک 14 میچز میں 11.66 کی اوسط سے صرف 105 رنز ہی بنا سکے، اس طرح ان کی ٹیم کے لیے کارتھک کے ہر رنز کی لاگت تقریباً 10 لاکھ روپے بنتی ہے، وکٹ کیپر بیٹسمین نے پورے ٹورنامنٹ میں ایک نصف سنچری تک نہیں بنائی ۔ آئی پی ایل میں سب سے مہنگے فروخت ہونے والے بیٹسمن یوراج سنگھ کو دہلی ڈیر ڈیولز نے 16 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔

ان کی ٹیم کی کارکردگی تو خراب رہی رہی لیکن یوراج بھی متاثر نہ کر سکے، یوراج نے 14 میچز میں 19.07 کی اوسط سے 248 رنز بنائے ، اس طرح ان کا ہر رنزفرنچائز کو تقریباً 6.45 لاکھ روپے کا پڑا۔ نیلامی میں تیسرے سب سے مہنگے کھلاڑی سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوز ہیں، انھیں دہلی ڈیر ڈیولز نے نیلامی میں ساڑھے سات کروڑ روپے میں خریدا، میتھیوز نے11میچز میں144 رنز بنائے،اس طرح فرنچائز کو ان کا ہر رن تقریباً 5.20 لاکھ روپے کا پڑا۔

فاسٹ بولر ظہیر خان کی لیگ میں ہر وکٹ کی قیمت بھی لاکھوں روپے میں ہے، دہلی ڈیر ڈیولز نے انھیںچار کروڑ روپے میں خریدا تھا، بائیں ہاتھ سے فاسٹ بولنگ کرنے والے ظہیر خان نے صرف 7 ہی میچ کھیلے لیکن اپنی شہرت کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے، ان کی جھولی میں صرف سات وکٹ ہی آئی ہیں،اس طرح ظہیر کی ایک وکٹ فرنچائز کو 57.14 لاکھ روپے کی پڑی۔