بھارتی کمپنی نے ایم بی اے پاس نوجوان کوصرف مسلمان ہونے پرنوکری دینے سے انکار کردیا

بھارت میں انتہا پسند ہندو جماعت بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد مودی سرکار نے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کرنا شروع کردیا


ویب ڈیسک May 22, 2015
ذیشان نامی نوجوان نے متعلقہ ادارے کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔

عظیم جمہوریت ہونے کے دعوے دار بھارت میں مسلمانوں کو مذہبی منافرت کا سامنا ہے جہاں مسلمان اقلیت کے ساتھ امتیازی سلوک کی تازہ ترین مثال ممبئی میں سامنے آئی ہے جس میں ایک کمپنی نے ایم بی اے پاس نوجوان کو صرف مسلمان ہونے کی بنا پر نوکری دینے سے انکار کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں ہیرے جواہرات کا کام کرنے والی ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں ایم بی اے گریجویٹ نوجوان ذیشان علی خان نے نوکری کیلئے درخواست دی لیکن ذیشان کا انٹرویو لینے کی بجائے ان کی درخواست یہ کہہ کررد کردی گئی کہ ان کا ادارہ مسلمانوں کو نوکری نہیں دیتا۔ ذیشان کی جانب سے کمپنی کی بھیجی گئی جوابی ای میل سوشل میڈیا پر اپ لوڈ ہوتے ہی کمپنی پر تنقید کا سلسلہ شرو ع ہوگیا جب کہ ذیشان نے اپنے دوستوں کے مشورے پر اس ادارے کے خلاف تھانے میں مقدمہ درج کرادیا ہے.

ممبئی پولیس کے مطابق اس واقعے کے اصل ذمہ دار تک پہنچنے کے لئے تفتیش کی جارہی ہے اور جرم ثابت ہونے پر 3 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔



دوسری جانب متعلقہ کمپنی نے ذیشان کو ایک اور ای میل کی ہے جس میں اس واقعے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ ان کےایک اہلکار کی غلطی ہے اور ان کا ادارہ رنگ و نسل اور مذہب کی بنیاد پر امیدواروں میں تفریق نہیں کرتا لہٰذا کمپنی کی جانب سے ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچنے پر معذرت کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ مذہبی تعصب کوئی نئی بات نہیں اس سے قبل جائیداد کی خرید و فروخت کی ایک ویب سائٹ پر فلیٹ کے اشتہار میں واضح الفاظ میں لکھا گیا تھا کہ مسلمان خریدار زحمت نہ کریں جب کہ سرکاری اداروں میں بھی مسلمانوں کو ملازمت کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اوران کی تعداد ان کی آبادی کے تناسب سے کہیں کم ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں