ناخن پالش سے کینسر کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، تحقیق

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 مئ 2015
ناخن پالش میں موجود کیمیکل کینسر سے لے کر تولیدی عمل میں پیچیدگیوں جیسی بیماریوں کو جنم دیتا ہے، فوٹو:فائل

ناخن پالش میں موجود کیمیکل کینسر سے لے کر تولیدی عمل میں پیچیدگیوں جیسی بیماریوں کو جنم دیتا ہے، فوٹو:فائل

کیلیفورنیا: خواتین عام طور پر اپنے چہرے اور ناخن کی خوبصورتی کے لیے مصنوعی کریموں اور ناخن پالش کا استعمال کرتی ہیں جس سے عارضی خوبصورتی تو مل جاتی ہے لیکن طبی طور پریہ مصنوعات صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہیں کیونکہ ایک تحقیق کے مطابق ہاتھوں کی خوبصورتی بڑھانے والی ناخن پالش انسان کو کینسر جیسی خوفناک بیماری میں بھی مبتلا کرسکتی ہے۔

امریکا میں ناخن پالش پر کی گئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ناخن پالش میں موجود کیمیکل میں زہریلے عنصر پائے جاتے ہیں جو انسانی صحت پر انتہائی مضر اثرات مرتب کرتے ہیں  جس سے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ کیلیفورنیا کی اسٹینڈ فورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ناخن پالش میں موجود کیمیکل کینسر سے لے کر تولیدی عمل میں پیچیدگیوں جیسی بیماریوں کو جنم دیتا ہے کیونکہ ناخن کیئر مصنوعات میں زہریلے اور خطرناک اجزا موجود ہوتے ہیں جو کہ کینسر پیدا کرنے والے مرکب فارمیلڈی ہائیڈ اور دیگر اجزا کی پیدائش کرتا ہے اور یہ جسم کے ہارمونز کے نظام کو تباہ کردیتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تین زہریلے عناصرٹولیون، فارمیلڈی ہائڈ اور فیتھا لیٹ انسانی صحت پر انتہائی خطرناک اثرات مرتب کرتے ہیں جب کہ اس سے بیوٹی پارلرپرکام کرنے والے افراد سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں کیونکہ بیوٹی پارلرز میں ان کیمیکل  سے نکلنے والے بخارات کے اخراج کے لیے کوئی خاص انتظام نہیں ہوتا جس سے ان کیمیکل کے اثرات کمرے میں ہی رہ جاتے ہیں اورہوا کے ذریعے کام کرنے والے افراد کے سانس سے جسم میں داخل ہوکر جلد، آنکھوں، سانس، سر کا درد اور الرجی جیسی بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ناخن پالش میں ان تین زہریلے اجزا کے علاوہ کچھ اور خطرناک کیمکل بھی موجود ہوتے ہیں جب کہ ٹولیون وہ جز ہے جو ناخن پالش کو چمک دیتا اور اس کے رنگ کو بحال رکھتا ہے لیکن خطرناک بات یہ ہے کہ یہ عنصر مرکزی اعصابی نظام کو متاثر کرتا ہے جو تولیدی مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔ ماہرین کے نزدیک ان مصنوعات سے ایسی بیماریوں کے علاوہ تولیدی بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں جن میں اچانک اور وقت سے پہلے بچے کی پیدائش کے ساتھ کم وزن کے بچے کی پیدائش جیسے مسائل کا سامنا بھی ہوسکتا ہے اس لیے خواتین کو ناخن پالش کے استعمال میں انتہائی احتیاط سے کام لینا چاہئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔