لوٹ مارکی وارداتیں روکنے کیلیے موٹر سائیکل اسکواڈ فورس قائم کرنے کا اعلان

ای پی زیڈ اے اور دیگر اہم نمائندوں کے ساتھ باقاعدہ اجلاس کرکے ان کے تمام ممکنہ تحفظات کو ختم کیا جائے، آئی جی سندھ


Staff Reporter October 13, 2012
آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شہر میں قائم تمام صنعتی و تجارتی علاقوں میں اضافی نفری تعینات کرتے ہوئے تاجر برادری کو یقینی تحفظ فراہم کیا جائے. فوٹو: فائل

آئی جی سندھ فیاض لغاری نے کہا ہے کہ شہر کی مختلف شاہراہوں پرٹریفک جام کے دوران لوٹ مار کی وارداتوں کے انسداد کے لیے موٹر سائیکل اسکواڈ فورس قائم کی جائے گی جو ٹریفک جام سے متاثر ہونے والی شاہراہوں پر نہ صرف جرائم پیشہ عناصر پر نظر رکھتے ہوئے شہریوں کی حفاظت بلکہ ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر ٹریفک کی روانی کو بھی یقینی بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایکسپورٹ پروسسنگ زون اتھارٹی کراچی کے دورے کے موقع پر منعقدہ ایک اجلاس میں کہی ،اجلاس میں چیئرمین ای پی زیڈ اے طارق حسن ،چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی وائس ایڈمرل محمد شفیع اور چیئرمین کاٹی زبیر چھایا کے علاوہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر شہر میں ٹریفک جام سے متاثر ہونے والی شاہراہوں کی باقاعدہ نشاندہی کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار پولیس اسکواڈ کی تعیناتی کے تحت پیٹرولنگ کے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے ، آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شہر میں قائم تمام صنعتی و تجارتی علاقوں میں اضافی نفری تعینات کرتے ہوئے تاجر برادری کو یقینی تحفظ فراہم کیا جائے کیونکہ ملک و قوم کی خوشحالی صنعت و تجارت کی ترقی سے منسلک ہے،انھوں نے ڈی آئی جی ایسٹ کو مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ای پی زیڈ اے اور دیگر اہم نمائندوں کے ساتھ باقاعدہ اجلاس کرکے ان کے تمام ممکنہ تحفظات کو ختم کیا جائے اورباالخصوص ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی کے اطراف اور متعلقہ صنعتی ایریاز میںسیکیورٹی کیلیے صبح اور شام کے اوقات میں خاطر خواہ انتظامات کیے جائیں اور اہم شاہراہوں وسڑکوں پر ٹریفک پولیس کی تعیناتی نمایاں رکھی جائے۔