امریکی ایئرلائن میں خاتون کوصرف مسلمان ہونے کی بنا پر امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا

طاہرہ احمد وہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا میں قرآنِ مجید کی تلاوت کی تھی


ویب ڈیسک May 31, 2015
طاہرہ احمد کوگزشتہ برس وائٹ ہاؤس نے ابھرتی ہوئی امریکی مسلم خاتون کے اعزاز سے نوازا تھا فوٹو:فائل

KARACHI: امریکا کی یونائیٹڈ ایئرلائنز نے طاہرہ احمد نامی ا مسلمان خاتون کو ایک چھوٹی سی فرمائش پر امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا جس پر امریکی مسلم برہم ہوگئے

31 سالہ طاہرہ احمد نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی سے وابستہ بین المذاہب مذاکرات کی سربراہ ہیں جوایک کانفرنس میں شرکت کے لیے شکاگو سے واشنگٹن جارہی تھیں۔ طاہرہ نے سر پر اسکارف پہن رکھا تھا اور انہوں نے جب عملے سے ڈائٹ سوفٹ ڈرنک کا کین کھولے بغیرمانگا تو انہیں جواب ملا کہ ہمیں اس کی اجازت نہیں کیونکہ بعض لوگ اسے ہتھیار کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں لیکن اس کے فوراً بعد ایک دوسرے مسافر کو اس کی فرمائش پر بیئر کا کین کھولے بغیر دے دیا گیا۔ جب مسلم خاتون اس پر توجہ دلائی تو جہاز کے عملے نے ڈھکن کھول کر انہیں سافٹ ڈرنک کا کین تھمادیا اور دوبارہ کہا کہ کین کھول کر اس لیے دیا جارہا ہے کہیں کہ آپ بطور ہتھیاراسے استعمال نہ کرسکیں، خاتون دوبارہ یہ جملہ سن کر شدید سکتے میں آگئیں اور بے بسی سے دوسرے مسافروں کو متوجہ کرنے کی کوشش کی تو ایک مسافر نے ان سے کہا کہ ،''تم مسلمان ہو لہٰذا چپ رہو اور بھاڑ میں جاؤ۔'

یہ جملہ سن کر بھی دیگر مسافر خاموش رہے اور اس کے بعد اسی شخص نے براہِ راست طاہرہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہا،'' ہاں! تم جانتی ہو کہ تم اسے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کروگی اور اب چپ رہو اور بھاڑ میں جاؤ''، اس کے بعد انہوں نے طیارے سے ہی فیس بک پر اس واقعے کو پوسٹ کردیا، فیس بک پر پوسٹ ہوتے ہی یہ واقعہ جنگل کی آگ کی طرح پھیل گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد نے طاہرہ کا ساتھ دیتے ہوئے یونائیٹڈ ایئرلائنز کے خلاف بولنا شروع کردیا اور کئی نے اس کے بائیکاٹ پر زور دیا۔ واقعے پر امریکی مسلمان تنظیموں نے شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے امریکا میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی اور عقیدے کی بنیاد پر نفرت کا عمل قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ طاہرہ احمد کوگزشتہ برس وائٹ ہاؤس نے ابھرتی ہوئی امریکی مسلم خاتون کے اعزاز سے نوازا تھا جب کہ انہیں صدر براک اوباما نے بھی افطار ڈنر پر بھی مدعو کیا تھا اور وہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا میں قرآنِ مجید کی تلاوت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے