امریکی صدر نے عراق میں مزید 450 فوجی بھیجنے کی منظوری دے دی

فوج کے نئے مشن بھیجنے کا مقصد عراق میں داعش کے خلاف برسرپیکار مقامی فورسز کے جوانوں کو تربیت فراہم کرنا ہے


ویب ڈیسک June 11, 2015
اس وقت تقریبا 3 ہزار امریکی فوجی عراق میں تعینات ہیں۔ ، فوٹو:فائل

ISLAMABAD: امریکی صدر براک اوباما نے شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف جنگ کے لیے مزید 450 سے زائد فوجی عراق بھیجنے کی منظوری دے دی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر براک اوباما نے عراق میں مزید فوج بھیجنے کی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد عراق میں دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ میں مصروف مقامی فورسز کے جوانوں کو تربیت فراہم کرنا ہے اور اس سلسلے میں450 سے زائد فوجی بھیجے جائیں گے اور ایک نئےتربیتی مرکز کا قیام کیا جائے گا جب کہ اس وقت تقریبا 3 ہزار امریکی فوجی بمشمول تربیت کار اور مشیر عراق میں تعینات ہیں۔

واضح رہے شدت پسندوں نے امریکی فضائی حملوں کے باوجود گزشتہ ماہ عراق کے سب سے بڑے صوبے انبار کے دارالحکومت رمادی پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد سے عراق کے بیشتر علاقوں میں اپنا قبضہ قائم کررکھا ہے۔