کراچی میں اسکائپ کے ذریعے بھتہ لینے والے گریجویٹ سمیت 2 بھتہ خورگرفتار

ونودکمارآئی ٹی ماہر اوربیرون ملک سے ایم بی اے ہے،ملزم نے انشورنس کمپنی سے اسکائپ کے ذریعے 20 لاکھ روپے بھتہ وصول کیا


Staff Reporter June 21, 2015
ٹیپو سلطان سگنل پرشہریوں کولوٹنے والامعطل پولیس اہلکارطارق حسین گرفتار،ملزم سعودآبادہیڈکوارٹرزمیں تعینات ہے،ایس پی جمشید ٹاؤن فوٹو: فائل

NAWABSHAH: شہر کے مختلف علاقوں سے 9 ملزمان گرفتار کرلیے گئے، گرفتار ملزمان میں بھتہ خور اور شہریوں سے لوٹ مار کرنے والا برطرف پولیس اہلکار بھی شامل ہے، بھتہ خور آئی ٹی ایکسپرٹ اور بیرون ملک سے گریجویٹ ہے، انشورنس کمپنی سے اسکائپ کے ذریعے بھتہ طلب کیا تھا جبکہ لاکھوں روپے پہلے بھی وصول کرچکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے سی پی ایل سی کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے صدر کے علاقے سے بھتہ خور ونود کمار کو گرفتار کرلیا، ونود کمار نے نجی انشورنس کمپنی سے اسکائپ کے ذریعے 20 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا جبکہ اس سے قبل وہ کمپنی سے لاکھوں روپے بھتہ وصول کرچکا ہے ۔

ملزم نے برطانیہ سے ایم بی اے کیا ہے اور وہ آئی ٹی میں مہارت رکھتا ہے،ملزم نے بتایا کہ وہ بیرون ملک مقیم رہ چکا ہے، ملائیشیا میں ملازمت کے دوران وہ ایک کیسینو میں جوئے میں بڑی رقم ہار گیا تھا جس کے بعد وہ کراچی آگیا اور اس نے دوبارہ دولت کمانے کے لیے جرم کی راہ اختیار کرلی، ملزم نے کچھ عرصہ قبل نجی انشورنس کمپنی سے اسکائپ کے ذریعے رابطہ کیا اور اس سے 20 لاکھ روپے بھتہ وصول کیا ، اس کے بعد دوبارہ اس نے کمپنی سے20 لاکھ روپے مانگا جس پر کمپنی حکام نے پولیس کو مطلع کیا ۔

پولیس نے ایس آئی یو اور سی پی ایل سی کو آگاہ کیا جس کے بعد ملزم کی تلاش شروع کردی گئی اور بالآخر ہفتہ کو ملزم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شکنجے میں آہی گیا، ایس آئی یو پولیس نے ایک کارروائی کے دوران قتل اور دیگر جرائم میں ملوث ملزمان رفیق ولد عبدالجبار اور حمید حسین عرف شاکا ولد نبی حسین کو ڈاکس سے گرفتار کرلیا۔

دریں اثنا ایس پی جمشید ٹاؤن کے ایس پی اختر فاروق کے مطابق ٹیپو سلطان سگنل پر شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ملزم طارق حسین ولد عبدالخالق کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ، ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزم معطل پولیس اہلکار ہے اور وہ سعود آباد ہیڈ کوارٹرز میں تعینات ہے ، ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

قائد آباد پولیس نے علاقے میں منشیات فروشی کے اڈے پر چھاپہ مار کر 3 ملزمان یوسف ، یاسر اور ایاز کو گرفتار کرلیا جبکہ 2 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

کھارادر سے پولیس نے 2 بھتہ خوروں خالد اور شہنشاہ کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلی، علاوہ ازیں سندھ پولیس نے 24 گھنٹے کے دوران 55 چھاپوں اور 3 مقابلوں میں ایک جرائم پیشہ ہلاک اور 33 ملزمان گرفتار کرلیے ، ملزمان میں ایک ڈکیت اور 2 مفرور شامل ہیں جبکہ 7 کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور 10 ملزمان کو منشیات رکھنے پر گرفتار کیا گیا ، ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے7 ہتھیار اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی۔