حکومت ڈکٹیٹروں کی روح کو خوش کررہی ہے پرویز رشید

ایسی تنظیمیں وجود میں آگئی ہیں جن کے ایک ہاتھ میں تلوار دوسرے میں مذہب کا پرچم ہے۔


Staff Reporter October 15, 2012
ن لیگ پر سندھ میں خانہ جنگی کا الزام بے بنیاد ہے، اسماعیل راہو کی کتاب کی رونمائی سے خطاب۔ فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی نااہلی اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں ایسی تنظیمیں وجود میں آگئی ہیں، جن کے ایک ہاتھ میں تلوار اور دوسرے ہاتھ میں مذہب کا پرچم موجود ہے۔

یہ تنظیمیں لوگوں کو اپنی سفاکی کا نشانہ بنا رہی ہیں، مسلم لیگ (ن) نے میثاق جمہوریت کے ذریعے پیپلز پارٹی سے تعاون کا ہاتھ بڑھایا تھا لیکن بدقسمتی سے موجودہ حکومت جمہوریت کی اصل روح کو چھوڑ کر ڈکٹیٹروں کی روح کو خوش کرنے میں مگن ہوگئی ہے۔ وہ اتوار کو آرٹس کونسل میں محمد اسماعیل راہو کی سندھی زبان میں کتاب جیل کے دن اور جیل کی راتیں کی تقریب رونمائی سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ آج کراچی میں لوگوں کو کتاب لکھنے کی آزادی حاصل ہے مگر سوات میں تعلیم عام کرنیو الی بہادر بیٹی ملالہ یوسف زئی کو دہشت گردوں نے اپنی سفاکی کا نشانہ بنایا ہے۔

انھوں نے کہا کہ فسطائی قوتوں کا راستہ روکنے کیلیے ملک بھر میں سیاسی قوتیں، عدلیہ، دفاعی ادارے اور تمام مذہبی جماعتوں پر مشتمل یونائیٹڈ فرنٹ بنایا جائے ورنہ مستقبل میں ہم لکنھے پڑھنے اور بولنے کے قابل نہیں رہیںگے۔ پرویز رشید نے کہا کہ کراچی میں بدامنی اور لاقانونیت کی ذمے دار پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) پر پیپلز پارٹی کی طرف سے سندھ میں خانہ جنگی کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میرا یہ سوال ہے کہ موجودہ صورتحال کے بارے میں ذوالفقار مرزا، شرجیل میمن اور پیر مظہر الحق کئی بار اظہار خیال کرچکے ہیں۔ کیا ان لوگوں کو مسلم لیگ (ن) فنڈنگ کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کے ہتھکنڈوں اور بلیک میلنگ سے خوفزدہ ہونیو الے نہیں۔ تقریب سے سلیم ضیاء، ذوالفقار ہالیپوٹو اور ڈاکٹر ایوب شیخ، ڈاکٹر درشن لال اور دیگر نے خطاب کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں