ناقص وائرنگ بجلی کی عدم فراہمی کاسبب بن رہاہے کمشنر کراچی

 لوڈ مینجمنٹ پلان نہیں بنایاگیا، کمشنر شعیب صدیقی کاسی ای اوکے الیکٹرک کوخط


Staff Reporter June 24, 2015
 لوڈ مینجمنٹ پلان نہیں بنایاگیا،کمشنر شعیب صدیقی کاسی ای اوکے الیکٹرک کوخط فوٹو: فائل

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کے الیکٹر ک سے کہا ہے کہ کے ا لیکٹرک رمضان اور موجودہ موسم کی شدت کے پیش نظر بجلی کی فراہمی کی شکایات کے ازالے کے لیے موثر اقدامات کرے۔

انھوں نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو خط لکھا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ رمضان میں بجلی کی عدم فراہمی شہریوں کی تکلیف کا باعث ہے،گرمی کے موسم کی شدت نے شہریوں کی مایوسی میں مزید اضافہ کر دیا۔

اس سے شہریوں کی تکلیف بڑھی ہے اور انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے،انھوں نے خط میں کہا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ کے الیکٹرک اپنے نظام کو ٹھیک کر ے،انھوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کو اعلی سطح پر صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے بجلی کی عدم فراہمی کی شکایات کے اسباب پر تحقیقا ت کرانے کی ضرورت ہے،انھوں نے اس سلسلے میں جن مشاہدات کی طرف توجہ دلائی ہے۔

ان میں کہا گیا ہے کہ رمضان کے لیے کے الیکٹرک نے اپنا کوئی لوڈ مینجمنٹ پلان نہیں بنایا نہ ان کی جانب سے موسم گرما کی شدت کو مد نظر رکھ کر ہنگامی منصوبہ تیار کیا جس پر وہ عمل کر کے موجودہ موسم کی شدت میںشہریوں کی تکلیف کم کر سکتے تھے،انھوں نے کہا کہ ان کے علم میں آیا ہے کہ وائرنگ میں جو میٹریل استعمال کیا جارہا ہے وہ بھی بجلی کی عدم فراہمی کی شکایات کا سبب بن رہا ہے،کمشنر کراچی نے اپنے خط میں واضح کیا ہے کہ بجلی کی عدم فراہمی کی شکایات کے ازالے کا نظام بھی متعدد مواقع پر غیر موثر ثابت ہوا ہے۔

کمشنر نے صوبائی اور وفاقی حکومت کو صورتحال سے آگاہ رکھنے کے لیے خط کی کاپی سندھ چیف سیکریٹری کے علاوہ دیگر صوبائی اور وفاقی حکومت کے اعلیٰ سطح کے حکام کو ارسال کی ہیں، سیکریٹری وزارت پانی وبجلی حکومت پاکستان اور چیئرمین نیپرا اور سیکریٹری انرجی ڈپارٹمنٹ کو بھی خط کی کاپی ارسا ل کرکے صورتحال سے آگاہ کیاہے،کمشنر نے خط میں یہ بھی واضح کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے صوبائی حکومت کے احکام کی روشنی میں کراچی آپریشن میں مصروف ہیں،شہریوں کے مظاہرے ان کے کام کو مزید چیلنجنگ بنانے کا سبب بن رہے ہیں۔